کل ہند یوتھ فیڈریشن تلنگانہ یونٹ کے صدر سید ولی اللہ قادری کا احتجاج
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز) کل ہند یوتھ فیڈریشن تلنگانہ یونٹ کے ریاستی صدر سید ولی اللہ قادری نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پرچوں کی جانچ میںدھاندلیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت او رمحکمہ تعلیم کی لاپرواہی کی وجہہ سے بیس سے زائد طلبہ نے اپنی جان گنوادی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ آندھرا پردیش او رعلیحدہ تلنگانہ کی تاریخ میںاتنا بڑا سانحہ پیش نہیں آیا باوجود اس کے حکومت اس حساس مسئلے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہے۔انٹر میڈیٹ امتحانات کے پرچوں کی جانچ میں دھاندلیوں کے خلاف اے آئی وائی ایف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران گرفتاری سے قبل سید ولی اللہ قادری نے مبینہ طور پر ریاستی وزیرتعلیم جگدیش ریڈی کو محکمہ تعلیم میں دھاندلیوں کی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ولی اللہ قادری نے واقعہ پر چیف منسٹر کی خاموشی کو قابل افسوس قراردیا او رکہاکہ معاملے کو ٹھنڈا کرنے کے لئے برائے نام ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور اس کی ذمہ داری بھی ان ہی لوگوں کو تفویض کی گئی جو دھاندلیوں میںپوری طرح ملوث ہیں۔سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کے طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ بند کرے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انٹرمیڈیٹ کے سال اول میںبہتر نشانات سے کامیاب ہونے والے طلبہ کو سال دوم میںفیل کردیاگیا۔ سید ولی اللہ قادری نے طلبہ سے بھی اپیل کی کہ وہ جذبات میں آکر انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز کرے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان ریاست تلنگانہ او رملک کا مستقبل ہیں ان کا انتہائی اقدام ریاست اور ملک کا ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوگا۔ اے آئی وائی ایف کے قائدسید ولی اللہ قادری او ردیگر تمام کارکنوں کو گرفتاری کے بعد مشیر آباد پولیس اسٹیشن منتقل کردیاگیا۔