انٹر میڈیٹ میں ناکامی پر طلبہ کی خود کشی سے دل دہل گیا : چندرا بابو نائیڈو

طلبہ کو خود کشی نہ کرنے کا مشورہ ، کامیابی سے بڑھ کر زندگی اہم ہے : چیف منسٹر اے پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /24 اپریل (سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و کارگزار چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں پیش آئے مبینہ بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کی وجہ سے امتحان میں ناکامی پر دلبرداشتہ تقریباً 19 طلباء و طالبات کے خودکشی کرلینے کے واقعات کی اطلاع پر انہیں تکلیف پہونچی ہے ۔ بلکہ اتنے زیادہ واقعات پر ان کا دل دہل گیا ۔ درخشاں مستقبل رکھنے والے طلباء و طالبات کی جانب سے خودکشی کرلینے پر انہیں کافی دلی صدمہ ہوا ہے ۔ انہوں نے مہلوک طلباء و طالبات کے والدین سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے طلباء و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں کامیابی ہی ان کی زندگی نہیں ہے بلکہ امتحان میں کامیابی اپنی قابلیت و صلاحیت کی شناخت اور ثبوت ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے طلباء و طالبات سے کہا کہ امتحانی نتائج سے کہیں زیادہ آپ تمام کی زندگی بہت ہی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ بلکہ جان اس سے بھی زیادہ اہم ہے ۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے کہا کہ ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلینا مسئلہ کا حل نہیں ہوگا ۔ بلکہ ہمت و خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنا اصل مسئلہ کا حل ہوگا ۔ جبکہ ملک کا مستقبل آپ (طلباء و طالبات) کے ہاتھوں میں ہوتا ہے بلکہ نوجوان ہی ملک کیلئے زبردست دولت ہے ۔ لہذا امتحان میں ناکامی سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی قیمتی زندگیوں کو ختم نہ کرلیں اور تمہارے والدین کی توقعات کو ادھوری نہ چھوڑیں بلکہ اپنے عزم مصمم کے ذریعہ والدین کی توقعات کو پوری کرنے کی ہرممکن کوشش کرنے کا طلباء و طالبات کو مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مشورہ دیا اور کہا کہ دنیا کی تاریخ خود اس بات کا ثبوت دیتی ہے کہ جو آج کامیابی حاصل کررہے ہیں وہ ابتداء میں متعدد مرتبہ ناکامیوں کا بھی سامنا کرچکے ہیں ۔ لیکن بعد ازاں اپنے عزم مصمم کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے تک خاموشی اختیار نہیں کرتے ۔ لہذا انہوں نے (چیف منسٹر مسٹر نائیڈو) طلباء و طالبات سے پھر سخت محنت و جدوجہد کے ساتھ پڑھ کر کامیابی حاصل کرنے کی پرزور خواہش کی ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے پرزور الفاظ میں کہا کہ محنت کرنے پر کامیابی خودبخود حاصل ہوگی اور مستقبل بہت ہی درخشاں رہے گا ۔ علاوہ ازیں آپ تمام کی (طلباء و طالبات کی ) ترقی میں ماں باپ کی خوشی ہوتی ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے طلباء و طالبات سے مایوس ہوئے بغیر اپنے درخشاں مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں رہنے کی پرزور اپیل کی ۔