اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے لیے وصول فیس کی آخری تاریخ 9 مئی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست بھر میں ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات انٹر میڈیٹ سال دوم ( جنرل ) اور ووکیشنل کے نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق انٹر میڈیٹ سال دوم ( جنرل ) کے نتائج کا اوسط 65.57 فیصد رہا ۔ خانگی طلباء کے نتائج کا اوسط 28.83 فیصد رہا ۔ جب کہ ووکیشنل کے نتائج کا اوسط 60.70 فیصد اور خانگی طلباء کے نتائج کا اوسط 26.37 فیصد رہا ۔ انٹر میڈیٹ سال دوم کے نتائج میں بھی لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو ہی سبقت حاصل رہی ۔ لڑکیوں کے نتائج کا اوسط 69.52 فیصد رہا جب کہ لڑکوں کے نتائج کا اوسط 61.87 فیصد رہا ۔ سال دوم انٹر میڈیٹ نتائج میں اس سال ضلع کرشنا کو 82 فیصد نتائج کے ذریعہ پہلا مقام حاصل ہوا ۔ جب کہ اضلاع نیلور اور وجیانگرم کو 76 فیصد نتائج کے ذریعہ دوسرا مقام حاصل ہوا ۔ آج یہاں دفتر بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن میں مسرس راجیشور تیواری پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم ، اور رام شنکر نائیک سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے ہمراہ جناب صلاح الدین احمد مشیر برائے ریاستی گورنر نے انٹر میڈیٹ سال دوم کے نتائج جاری کئے اور اخباری نمائندوں کو نتائج کی مکمل تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے مسٹر صلاح الدین احمد نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ مارچ 2014 میں منعقدہ امتحانات انٹر میڈیٹ سال دوم میں ( جنرل ) جملہ 954156 طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔ جن میں 801419 ریگولر اور 152737 خانگی طلباء و طالبات شامل ہیں ۔ اس طرح ووکیشنل میں جملہ 92919 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں 76437 ریگولر اور 16482 خانگی طلباء و طالبات شامل ہیں ۔ سال دوم ( جنرل ) میں کامیاب طلباء وطالبات کی تعداد ریگولر 525526 لاکھ اور خانگی 44045 ہے ۔ اسی طرح ووکیشنل سال دوم ریگولر کامیاب طلباء وطالبات کی تعداد 46399 اور خانگی 4337 ہے ۔ انہوں نے گذشتہ تین سال کے دوران انٹر میڈیٹ سال دوم ( جنرل ) کے نتائج کے اوسط کا تقابل کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2012 میں نتائج 58.43 سال 2013 میں 65.36 اور سال 2014 میں نتائج کا اوسط 65.57 فیصد رہا ۔ اسی طرح ووکیشنل کا سال 2012 میں 53.64 سال 2013 میں 48.60 اور سال 2014 میں نتائج کا اوسط 60.70 فیصد رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ 7 مئی سے طلباء کو میمو آف مارکس فراہم کئے جائیں گے اور میمو آف مارکس میں کسی بھی نوعیت کی غلطیات یا خامیاں پائی جائیں تو پرنسپال کے ذریعہ درخواستیں پیش کرنے کی آخری تاریخ یکم جون ہوگی ۔ بعد ازاں کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں ناکام طلباء وطالبات کے لیے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 25 مئی سے آغاز ہوگا اور اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے لیے فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 مئی ہوگی اور فیس د اخل کرنے کے لیے تتکال کی کوئی سہولت نہیں رہے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نشانات کی دوبارہ گنتی کے لیے فی پرچہ 100 روپئے اور فوٹو کاپی کے حصول کے لیے 600 روپئے فی پرچہ داخل کرنا ہوگا ۔ اس کے لیے آخری تاریخ 9 مئی ہوگی اور یہ فیس می سیوا یا ای سیوا یا اے پی آن لائن مراکز پر ہی داخل کی جاسکتی ہے ۔۔