حیدرآباد۔/25جون، ( پریس نوٹ ) انٹر میڈیٹ پبلک اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات منعقدہ مئی؍ جون 2014ء جنرل ؍ ووکیشنل کے نتائج کا 27جون کو 5بجے شام بورڈ آف انٹر میڈیٹ نامپلی پر آندھرا پردیش کے ریاستی وزیرفروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ اور تلنگانہ کے وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی اجراء کریں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں یہ اطلاع دی گئی اور کہا گیا ہے کہ طلبہ اپنے رجسٹر نمبر کا بحیثیت’’ یوزر آئی ڈی ‘‘ اور تاریخ پیدائش؍ سنٹر نمبر بطور پاس ورڈ استعمال کرتے ہوئے ویب سائیٹس سے نتائج تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
صرف تلنگانہ کے طلبہ کیلئے
فیس ری ایمبرسمنٹ : وزیر تعلیم
نلگنڈہ۔/25جون، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیشور ریڈی نے آج اعادہ کیا کہ اس ریاست میں صرف تلنگانہ کے طلبہ ہی فیس ری ایمبرسمنٹ کے مستحق ہوں گے۔ وزیر تعلیم نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ضابطوں کے مطابق طلباء کے وطن کا تعین کرے گی۔ اس ضمن میں کسی کی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کے طلبہ کے فیس ری ایمبرسمنٹ کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتاجو حیدرآباد اور تلنگانہ کے اضلاع میں زیر تعلیم ہیں۔