حیدرآباد میں 189 مراکز کا قیام ، آر آئی او روی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : روی کمار آر آئی او نے کہا کہ حیدرآباد میں انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے سالانہ امتحانات 2 تا 16 مارچ روزانہ صبح 9 تا 2 بجے دن منعقد ہوں گے ۔ حکومت کی جانب سے ان امتحانات کے انعقاد کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان کے لیے 189 امتحانی مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے نیز ڈپارٹمنٹ آفیسر کو چیف سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ کالج کے پرنسپل کو سینئیر سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انٹر میڈیٹ کے سال اول میں جنرل 65,058 طلباء اور ووکیشنل کورس میں 3,233 ، طلباء نیز سال دوم میں جنرل 80373 طلباء اور ووکیشنل میں 3632 طلباء شرکت کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ برج کورس میں سال اول کے 232 طلباء اور سال دوم کے 206 طلباء شرکت کررہے ہیں ۔ ان کے این آر ، او ایم آر شیٹس اور 24 صفحوں پر مشتمل جوابی بیاض متعلقہ کالجس کو بھجوا دئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 336 کالجس سرکاری اور خانگی ہیں ان میں سے 35 جونیر کالجس میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ جن کالجس میں طلباء زیر تعلیم ہیں انہیں کالجس میں امتحانی مرکز قائم نہیں کیا جاتا ۔ اسی لیے طلباء کو چاہئے کہ ہال ٹکٹ حاصل کر کے اپنے سنٹر کا ایک دن پہلے ہی پتہ لگالیں کیوں کہ امسال ایک منٹ کی بھی تاخیر ہوجائے تو امتحان میں شرکت کی اجازت طلباء کو نہیں دی جارہی ہے ۔ اسی لیے تمام طلباء اپنے اپنے امتحانی مرکز پر امتحان سے آدھا گھنٹہ قبل یعنی 8-30 بجے صبح حاضر ہوجائیں ۔ امتحان گاہ میں سیل فون کی اجازت نہیں رہے گی ۔ روی کمار نے کہا کہ کلکٹر نے آر ٹی سی کے محکمہ ، ٹرافک پولیس ، پوسٹ آفس ، پولیس ڈپارٹمنٹ ، محکمہ برقی اور ہیلتھ اینڈ میڈیکل ڈپارٹمنٹ کو احکامات جاری کردئیے ہیں کہ امتحان کے اوقات میں طلباء کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ تمام امتحانی مراکز پر پینے کا پانی ، ORS پیاکٹس کے علاوہ اے این ایم کا بھی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ طلباء کو پریشان نہ ہونا پڑے ۔ اس کے علاوہ امتحانات کے اوقات میں تمام زیراکس کی دوکانوں کو بند رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔ انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے پیش نظر ہائی پاور کمیٹی ( ایچ پی سی ) بھی تشکیل دی گئی ہے ۔ جس کی ذمہ داری سوکیرتی ڈی وی ای او کو دی گئی ہے ۔ نیز پی ہریندر ناتھ بھی اس کمیٹی کے رکن نامزد کئے گئے ہیں ۔ امتحان کے دوران فلائنگ اسکواڈ کی پانچ ٹیمیں بھی شہر کے امتحانی مراکز کا معائنہ کریں گی ۔ ہر ٹیم میں ایک ریونیو ڈپارٹمنٹ کا ممبر ، ایک پولیس ڈپارٹمنٹ کا ممبر اور دو لکچررس شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ سیٹنگ اسکواڈ کو بھی یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ دوران امتحان طلباء کو اگر کوئی مسئلہ درپیش آئے تو ان سے ربط پیدا کریں ۔ اگر امتحانات کے دوران کسی طالب علم کو کوئی پریشانی لاحق ہو تو ڈسٹرکٹ سنٹرل روم آر آئی او آفس کے فون نمبر 23236433 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ ہال ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں طلباء انٹر نیٹ کے ذریعہ اپنا ہال ٹکٹس حاصل کرسکتے ہیں ویب سائٹ حسب ذیل ہے ۔ bietelangana.cgg.gov.in ۔ آخر میں انہوں کہا کہ امسال امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے اور بائیو میٹری کا انتظام نہیں رہے گا لیکن اگلے سال سی سی کیمرے اور بائیو میٹری متعارف کروائے جائیں گے ۔ اس موقع پر ایم چندرا کلا پرنسپل سٹی گورنمنٹ جونیر کالج ، پرتیما ریڈی پرنسپل کستوربا جونیر کالج ، ار ستیانندم جونیر لکچرر کامرس ڈی بھدراسین جونیر لکچرر ہندی اور ڈاکٹر این آر سیمول بابو لکچرر انگریزی محبوبیہ گورنمنٹ جونیر کالج موجود تھے جو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین بھی ہیں ۔۔