حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جہاں پر تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے اعلان کیا ہے کہ 21 مئی سے انٹر میڈیٹ میں داخلوں کا آغاز ہوجائے گا وہیں شہر میں موجود تقریبا 200 کالجس کے الحاق کی منظوری بورڈ کے زیر التواء ہے ۔ بورڈ کی جانب سے ریاست بھر کے 1612 جونیر کالجس کو بورڈ سے الحاق شدہ تسلیم کرلیا گیا ۔ الحاق شدہ کالجس کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے منظور شدہ کالجس کو ویب سائٹس لسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ کالجس کی منظوری کا عمل اور داخلے دونوں یکساں انجام پائیں گے ۔ پہلے مرحلے کے طور پر داخلے 21 مئی تا 30 جون دئیے جائیں گے ۔ اور یکم جون سے کلاسیس کا آغاز ہوجائے گا ۔ چونکہ کالجس کے الحاق کا عمل ابھی جاری ہے لہذا والدین اور طلباء سے گزارش کی گئی ہے کہ داخلہ سے قبل کالج کے منظور شدہ یا غیر منظور شدہ ہونے کی طمانیت حاصل کرلیں تاکہ کالجس کی دھوکہ بازی سے ہوشیار رہیں ۔ کالجس کے منظوری کے عمل میں تاخیر کی وجہ جاریہ سپلیمنٹری امتحانات میں تاخیر کی ایک اور وجہ کالجس کی جانب سے نا مکمل دستاویزات کی فراہمی ہے ۔ ڈسٹرکٹ انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفیسر مسز جیا پردا بائی کے مطابق دستاویزات کے داخلہ کے ساتھ ہی کالجس کو منظوری دے دی جائے گی ۔ ڈسٹرکٹ میں موجود کل 320 رجسٹرڈ کالجس میں سے صرف 170 کالجس نے ہی بورڈ کی شرائط کی تکمیل کی ہیں ۔ بورڈ کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ نا مکمل دستاویزات رکھنے والوں کو بھی بالآخر الحاق کی منظوری دے دی جائے گی کیوں کہ داخلہ کے آغاز کے لیے صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے ۔۔