حیدرآباد۔/19نومبر، ( این ایس ایس ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر دوستانہ حل تلاش کرنے کیلئے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ راج بھون پر دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کا اجلاس طلب کیا لیکن وزراء اپنے متعلقہ موقف پر اٹل رہے اور حل تلاش کرنے میں ناکامی کے سبب اجلاس غیر مختتم رہا۔ باور کیا جاتا ہے کہ گورنر نے طلبہ کے مستقبل کو بچانے کیلئے مداخلت کرتے ہوئے یہ اجلاس طلب کیا تھا۔ تاہم دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم اپنی بحث پر بضد رہے۔ حکومت تلنگانہ نے آزادانہ طور پر انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد پر اصرار کیلئے حکومت آندھرا پردیش نے حسب سابق مشترکہ طور پر ا متحانات کے انعقاد کی خواہش کی۔ تلنگانہ کے وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے اور آزادانہ طور پر امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے۔ آندھرا پردیش کے وزیر فروغ انسانی وسائل گنڈ سرینواس نے اصرار کیا کہ معمول کے طریقہ کار کے مطابق یہ امتحانات منعقد کئے جائیں۔ مسٹر سرینواس نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر نارا چندرا بابو نائیڈو سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔