انٹر میڈیٹ امتحانات، وقت اور پرچہ سوالات سے متعلق وضاحت

حیدرآباد۔/5مارچ، (پریس نوٹ ) بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے تھیوری امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو وقت کی اجازت کے معاملہ میں تبدیلی لائی ہے۔ چنانچہ امیدواروں کو امتحان شروع ہونے یعنی 8:30بجے صبح سے 30منٹ قبل امتحان ہال میں داخل ہونے کی اجازت رہے گی۔ اسی طرح امتحان شروع ہونے کے 15منٹ بعد تک یعنی 8:45بجے تک انہیں لازمی طور پر امتحان ہال میں موجود رہنا ہوگا تاہم ایسے امیدوار جنہیں کسی خاص وجہ سے تاخیر ہوجائے اگر وہ اپنا عذر پیش کریں تو انہیں 8:45تا 9بجے صبح امتحان ہال میں شرکت کی اجازت رہے گی۔ اسی طرح مختلف مضامین کیلئے پرانے اور نئے پرچہ سوالات کی وجہ سے بھی اُلجھن کا اندیشہ ہے اس ضمن میں یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ قدیم طلبہ اور امپرومنٹ ( بہتری کیلئے) تحریر کرنے والوں کو قدیم نصاب کے تحت امتحان لکھنا ہوگا۔ امیدواروںکو چاہیئے کہ وہ پرچہ سوالات کے تعلق سے امتحان شروع ہونے سے قبل ہی اطمینان کرلیں اور اس ضمن میں وہ کوئی مشکل درپیش ہو تو متعلقہ سنٹر کے انویجلیٹر؍ چیف سپرنٹنڈنٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں۔

/16 مارچ کو AP TET
حیدرآباد ۔ /5 مارچ (پریس نوٹ) حکومت نے اے پی ٹیچرس ایلیجیبلیٹی ٹسٹ (AP TET) بروز اتوار /16 مارچ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قبل ازیں یہ امتحان انتظامی وجوہات کی بناء ملتوی کردیا گیا تھا ۔ کمشنر اسکول ایجوکیشن نے بتایا کہ اساتذہ کے تقررات کیلئے اہلیتی امتحان /16 مارچ کو پرچہ اول 9.30 بجے تا 12.00 بجے اور پرچہ دوم 2.30 بجے تا 5.00 بجے منعقد ہوگا اور نتائج کا اعلان 1 – 2 اپریل کو کیا جائے گا ۔