حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی سطح پر گذشتہ ماہ منعقدہ انٹر میڈیٹ سال اول اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات (جنرل ۔ ووکیشنل ) کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔ متحدہ ریاست کی اساس پر ان امتحانات میں جملہ 647468 جنرل اور 22146 ووکیشنل امیدواروں نے شرکت کی جن کے منجملہ 592900 جنرل اور 34480 ووکیشنل امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح نتیجہ کا اوسط 68.25 فیصد جنرل اور 57.75 فیصد ( ووکیشنل ) رہا ۔ جب کہ منقسم ریاست آندھرا پردیش کے 344347 (جنرل ) اور 10014 ( ووکیشنل ) طلباء نے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کی ۔ جن کے منجملہ 318516 جنرل اور 17312 ووکیشنل طلباء نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح جنرل طلباء کے نتائج کا اوسط 70.20 فیصد اور ووکیشنل طلباء کے نتائج کا اوسط 58.77 فیصد رہا ۔ اسی طرح علحدہ ریاست تلنگانہ کے 303121 جنرل اور 12132 ووکیشنل طلباء نے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کی ۔ جن کے منجملہ 274384 جنرل اور 17168 ووکیشنل طلباء نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح جنرل طلباء کے نتائج کا اوسط 65.82 فیصد اور ووکیشنل طلباء کے نتائج کا اوسط 55.84 فیصد رہا ۔
آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے اپنے چیمبر میں انٹرمیڈیٹ سال اول اڈوانسڈ سپلیمنٹری نتائج جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان امتحانات میں بھی طلباء کے مقابلہ میں طالبات کو زبردست سبقت حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 8 جولائی سے طلباء ، میمو آف مارکس متعلقہ پرنسپالس کے ذریعہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں میمو آف مارکس میں کسی نوعیت کی کوئی غلطیاں پائی جائیں تو فوری طور پر اپنے متعلقہ پرنسپال کے ذریعہ 31 جولائی سے قبل درخواستیں بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن آفس کو پہونچ جانے چاہئے ۔ نشانات کی دوبارہ گنتی کے لیے فی پرچہ 100 روپئے اور امتحانی جوابی بیاض کی فوٹو کاپی کے حصول کے لیے فی پرچہ 600 روپئے فیس کی ادائیگی کے ذریعہ 8 جولائی تک درخواست پیش کی جاسکتی ہے اور اس تاریخ کے گزر جانے کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائیگی ۔ اس موقعہ پر مسٹر رام شنکر نائک سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آدر سنہا کمشنر محکمہ اعلیٰ تعلیم بھی موجود تھے ۔۔