بیجنگ ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرپول کے چینی سربراہ مینگ ہونگوائی جو گذشتہ ماہ کے اواخر میں پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے تھے، کے خلاف بدعنوانیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کی جائے گی۔ صدر چین ژی جن پنگ نے چین میں بدعنوانیوں کے خلاف جو مہم شروع کی ہے اس کے تحت مینگ ہونگوائی بھی ایک اعلیٰ سطحی نشانہ ہیں۔ یاد رہیکہ ہونگوائی چین میں عوامی سلامتی کے نائب وزیر بھی رہ چکے ہیں، کو پہلی بار گذشتہ ماہ کے اواخر میں اس وقت لاپتہ قرار دیا گیا تھا جب وہ فرانس میں انٹرپول کے ہیڈکوارٹرس سے چین کا سفر کررہے تھے۔ یاد رہیکہ انٹرپول ایک عالمی سطح کی پولیس ایجنسی ہے جس کا رابطہ دنیا کے تمام ممالک کی پولیس سے ہوتا ہے جن میں لاپتہ افراد مطلوبہ و مفرور مجرمین کی تلاش سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔ مینگ ہونگوائی کی اہلیہ گریس نے سب سے پہلے ان کے لاپتہ ہونے پر تشویش ظاہر کی تھی جنہوں نے لائن شہر میں فرانسیسی حکام کو اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں لاپتہ ہونے والے روز چاقو کی ایک تصویر کے ساتھ ایک پیغام روانہ کیا تھا۔ چاقو کی تصویر اس بات کی علامت تھی کہ وہ خطرے میں ہیں۔ 64 سالہ مینگ ہونگوائی پر حکومت چین نے رشوت لینے اور دیگر جرائم کے ارتکاب کا الزام لگایا ہے۔