حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آغا پورہ علاقہ سے گرفتار دو افراد باپ اور بیٹے کو سائبر کرائم پولیس نے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس سائبر کرائم حیدرآباد مسٹر کے سی ایس راگھوویرا نے یہ بات بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اس سلسلہ میں باپ بیٹے کی تمام غیر قانونی حرکتوں کی تفصیلات بھی بتائی جس کے متعلق کل میڈیا میں بے چین اور بدگمانی پھیلانے والے مواد کو پیش کیا گیا تھا ۔ جس کو پولیس نے غلط اور بے بنیاد قرار دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فہد احمد صدیقی اور ان کے والد 60 سالہ احمد صدیقی ساکنان سلطان نواز جنگ دیوڑھی آغا پورہ کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔ یہ دونوں باپ بیٹے ( وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکل ) کی مدد سے ڈپارٹمنٹ آف ٹیلی کمیونیکیشن حکومت ہند کا بھاری نقصان کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران ان باپ بیٹوں نے اپنی حرکتوں اور جرم کو قبول کرلیا ۔ پولیس نے اس بات کو محسوس کیا کہ ان دونوں کی اس حرکت اور آسان طریقہ سے پیسہ کمانے کی کوشش اور حکومت کو دھوکہ دینے کی کوشش سے قومی سیکوریٹی کے لیے بھی خطرہ ہے ۔ دھوکہ دیہی کے اس بڑے معاملے میں ان کے ہمراہ سید متین الدین 30 سالہ بھی ملوث تھا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے جدید آلات مشنری اور اس سے متعلق آلات کے علاوہ روسٹر موبائل فون ، پاسپورٹ ، بینک اکاونٹ پاس بک ، ایرگن و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔