تمثیلی امتحانات سے سوالی پرچوں کے سمجھنے میں مدد: احمدبشیرالدین فاروقی
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) انٹرنس امتحانات میں کامیابی اہم نہیں ہوتی بلکہ اچھے رینک حاصل کرنے پر داخلے ہوتے ہیں چاہے وہ ایمسٹ ہو جس کے ذریعہ میڈیسن یا انجینئرنگ میں داخلہ ملے گا یا ایڈ سٹ ہو جس کے رینک پر بی ایڈ میں داخلے دیئے جاتے ہیں۔ اب ایس ایس سی کے بعد پالی ٹکنک کے انجینئرنگ ڈپلوما کورسیز میں داخلے کیلئے بھی پالی سٹ ہے جس میں اس انٹرنس امتحان کا رینک دیکھا جاتا ہے اس لئے طالب علم رینک حاصل کرنے اور داخلے پانے کے لئے ایسے امتحانات میں شریک ہو اس اعتبار سے تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار یہاں دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس میں منعقدہ تمثیلی امتحانات کے موقع پر جناب احمد بشیرالدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر اور جناب ایم اے حمید کیرئیر گائیڈنس کالم نگار روزنامہ سیاست نے کیا اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ وقت کا صحیح اور بھرپور استفادہ کریں وقت سے قبل امتحانی مرکز پر حاضر ہو اور پورا وقت کا استعمال کرتے ہوئے آخر میں جوابی شیٹ دیں۔ مختلف پروفیشنل کورسیز میں داخلے کیلئے انٹرنس امتحانات (سیٹ) ہوتے ہیں اور یہ مسابقتی نوعیت کے آبجکٹیو ٹائپ سوالات پر مبنی ہوتے ہیں ان کی تیاری میں مطالعہ، کوچنگ کلاس کے ساتھ اس طرح تمثیلی امتحانات بیحد معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے سوالی پرچوں کو سمجھنے اور جوابی شیٹ کی مشق کے لئے نہ صرف مدد ملتی ہے بلکہ خود کا محاسبہ کرتے ہوئے آگے کی تیاری کا منصوبہ بنا سکتے ہیں۔ اتوار 4 مئی کو منعقدہ تمثیلی امتحانات میں ایس ایس سی کے بعد پالی ٹکنک انٹرنس، پالی سٹ، انٹرمیڈیٹ کے بعد ایمسیٹ اور ڈگری کے بعد بی ایڈ کے انٹرنس ایڈ سٹ کے امیدواروں نے شرکت کی انھیں امتحانی نمونہ پرچہ کے سوالی پرچہ دیا گیا اور او ایم آر جوابی شیٹ دی گئی کلید Key بتادی گئی تاکہ جوابات معلوم ہوسکیں۔ امتحانات کے انعقاد میں سلمان سعدی اور علی بلشعم نے معاونت کی۔