انٹرنتائج میں بے قاعدگیوں کیلئے ’ گلوبرینا ‘ ٹکنالوجی کمپنی ذمہ دار

سہ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ ۔ سافٹ ویر تبدیل نہ کرنے پر غلطیوں کے اعادہ کا خدشہ
حیدرآباد ۔ /25 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں دھاندلیوں کی تحقیقات کرنے والی سہ رکنی عہدیداروں کی کمیٹی نے ’گلوبرینا ۔ ٹکنالوجی ادارہ ‘ کے سافٹ ویر میں متعدد خامیوں کی نشاندہی کی اور کہا کہ موجودہ سافٹ ویر تبدیل نہ کرنے پر دوبارہ غلطیوں کا اعادہ ہوگا ۔ باوثوق ذرائع نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کیلئے ’گلوبرینا ٹیکنالوجی ادارہ ‘ ہی ذمہ دار ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سہ رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی تحقیقات کے دوران کہا کہ ری ویریفیکیشن ، ری کاؤنٹنگ کرنے کے عمل میں دوبارہ غلطیاں نہ ہونے کیلئے چند تجاویز پیش کی جائیں گی اور سمجھا جاتا ہے کہ امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کی وجہ سے بے چینی کو دور کرنے جنگی خطوط پر کئے جانے والے اقدامات پر مبنی آج ہی رپورٹ پیش کئے جانے کی قوی توقع پائی جاتی ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ گورنمنٹ جونیئر و ڈگری لیکچرارس جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائد مسٹر مدھو سدن ریڈی نے کسی فیس کے بغیر امتحانات میں ناکام طلباء و طالبات کے پرچوں کے ری ویریفیکیشن اور ری کاؤنٹنگ کرنے کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور اس عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے میں مسٹر مدھو سدن ریڈی نے تیقن دیا کہ بھرپور تعاون کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو برخواست کرنے کے معاملہ میں چیف منسٹر جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے ۔ مسٹر مدھو سدن ریڈی نے کہا کہ کوتاہیاں اور غلطیاں کسی شعبہ یا نظام کی نہیں ہیں بلکہ بعض عہدیداروں کے اقدامات و فیصلوں سے پیش آئیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ امتحانی نتائج کی ذمہ داری ، گلوبرینا ٹکنالوجیز کے سپرد کرنا ہی بڑی غلطی ہے ۔ لہذا انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک سے مطالبہ کیا ۔