انٹرمیڈیٹ کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات ملتوی ہونے کے امکانات

ناکام طلبہ کے جوابی بیاضات کی دوبارہ جانچ تک امتحانات کا انعقاد مشکل، عوامی برہمی پر محکمہ تعلیمات و انٹر بورڈ کا غوروخوض

حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کئے جانے کے امکانات ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ ناکام ہونے والے طلبہ کے جوابی بیاضات کی دوبارہ جانچ کی تکمیل سے قبل اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد عمل میں لانے سے گریز کیا جائے کیونکہ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی اجرائی کے ساتھ ہی حکومت کے خلاف عوامی برہمی کی شروعات ہوگئی اور اب یہ ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے اسی لئے محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے عہدیدارو ں نے اس بات پر غور کرنا شروع کردیا ہے کہ وہ سپلمنٹری امتحانات کے انعقاد کی تاریخ میں توسیع کریں گے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے تمام ناکام طلبہ کے جوابی بیاضات کی مفت جانچ کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ اور سرپرستوں کو راحت پہنچانے کا فیصلہ کیا لیکن ان کا یہ فیصلہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے علاوہ ان طلبہ کے لئے تکلیف کا باعث بن سکتا ہے جو کہ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں اور اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے اختتام کا انتظار کر رہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے پاس 25ہزار لکچررس موجود ہیں جن کے ذریعہ جوابی بیاضات کی از سر نو جانچ اور نشانات کی تنقیح کا کام لیا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ریاست میں 14مئی سے جو انٹر میڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے ان امتحانات کے منعقد ہونے کے امکانات موہوم ہوتے جا رہے ہیں اور کہا جار ہا ہے کہ انٹر میڈیٹ کے تمام جوابی بیاضات کی جانچ اور نشانات کی تنقیح کے بعد جو نتائج جاری کئے جائیں گے ان نتائج کے اعلان کے بعد ہی اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جاسکتا ہے کیونکہ اگر طلبہ از سر نو جانچ میں کامیاب قرار دیئے جاتے ہیں تو ان کے سپلیمنٹری امتحانات کی کوئی ا ہمیت نہیں رہے گی اور اسی طرح جوابی بیاضات کی جانچ کے دوران امیدواروں کی بڑی تعداد کامیاب قرار دی جاتی ہے تو تمام نتائج ایک مرتبہ پھر مشتبہ قرار دیئے جاسکتے ہیں۔