انٹرمیڈیٹ کا ملتویہ امتحان 3 جون کو مقرر

حیدرآباد۔ 29 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے آج 29 مئی کو ’’تلنگانہ بند‘‘ منانے کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات ملتوی کردیئے گئے تھے لیکن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے 29 مئی کے ملتوی امتحانات 3 جون کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر سرینواس راؤ پبلک ریلیشنس آفیسر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری کے دیگر امتحانات پروگرام کے مطابق ہی رہیں گے اور صرف ملتوی شدہ امتحانات 3 جون کو مقرر کئے گئے ہیں۔

ڈائیٹ سیٹ اب ڈی سیٹ ہوگیا احکام جاری
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) ریاستی سطح پر ٹیچرس ٹریننگ کورس میں داخلوں کے حصول کیلئے اب تک منعقد کئے جانے والے ’’ڈائیٹ سیٹ‘‘ کا نام تبدیل کرکے اب اس کو ’’ڈی سیٹ‘‘ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے اس سلسلہ میں آج ریاستی محکمہ تعلیم نے باقاعدہ احکامات بھی جاری کئے باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نئے احکامات میں بعض نئے شرائط بھی محکمہ تعلیم کی جانب سے شامل کئے گئے ہیں ان شامل کردہ نئے شرائط کی روشنی میں ’’ڈی سیٹ‘‘ میں شرکت کرنے والے ایسے طلباء و طالبات جو امتحانات ایس ایس سی میں 50 فیصد نشانات حاصل کئے ہوں صرف یہی طلباء و طالبات ڈی سیٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے ۔ علاوہ ازیں ڈی سیٹ میں شرکت کیلئے عام زمرہ کے امیدوار انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بھی 45 تا 50 فیصد نشانات رکھنے ہوں گے اور یہی امیدوار شرکت کے اہل ہوں گے اور درج فہرست اقوام و قبائیل کے علاوہ جمسانی معذورین کو بھی اس نشست میں شرکت کیلئے 40 تا 45 فیصد نشانات حاصل کرنا ضروری ہوگا ۔