انٹرمیڈیٹ کالجس کو کل سے گرمائی تعطیلات

یکم جون کشادگی‘ سکریٹری تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے احکامات
حیدرآباد ۔27مارچ ( این ایس ایس ) سکریٹری آف تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد ڈاکٹر اے اشوک کے بموجب ریاست کے ایسے تمام جونیئر کالجس کے علاوہ کمپوزٹ ڈگری کالجس جہاں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم کا باضابطہ نظم ہو کو مطلع کیا کہ وہ تعلیمی سال 2016-17ء کے دوران گرمائی تعطیلات کے تحت 29مارچ تا 31مئی کے درمیان بند رکھیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعطیلات کے بعد یکم جون سے تعلیمی سال 2016-17ء کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے ان احکامات کے تناظر میں تمام جونیئر کالجس کے پرنسپلس کو ہدایت دی کہ وہ شیڈول پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ انہوں نے گورنمنٹ امدادی اور غیر امدادی کالجس کو اس بات کی بھی ہدایت دی کہ وہ دوران تعطیلات کسی بھی قسم کے کلاسیس یا پھر تعلیم کا اہتمام نہ کریں ۔ انہوں نے بالخصوص خانگی و امداد باہمی کالجس کو اس بات کا خاص خیال رکھنے اور غیر قانونی طور پر تعلیم کا انتظام نہ کرنے کی ہدایت دی  ۔ اس پر عمل آوری آئندہ احکامات کی اجرائی تک ہوگی ۔ اگر کوئی کالج یا پھر کوئی انتظامیہ ان ہدایت اور شیڈول کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔