ہائیکورٹ میں بورڈ کا بیان ، سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی
حیدرآباد ۔29اپریل ( این ایس ایس ) انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن نے ہائیکورٹ کو آج مطلع کیا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے جوابی بیاضیات کی دوبارہ تنقیح کا عمل وہ 8مئی تک مکمل کرلیں ۔ عدالت نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج اور متعلقہ عہدیداران کو مبینہ کوتاہیوں کے سبب چند طلبہ کی خودکشیوں سے ریاست بھر میں غم و غصہ کی لہر سے متعلق بعض درخواستوں پر آج سماعت کی ۔ عدالت نے اس ضمن میں تفصیلات معلوم کرنے کی خواہش ظاہر کی کہ امتحانی پرچوں کی تاحال کی گئی تنقیح اور نشانات کی دوبارہ گنتی سے کتنے طلبہ کامیاب ہوئے ۔ اس سوال پر بورڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ 8مئی تک یہ عمل مکمل کرلیں گے ۔ درخواست گذار کے وکیل نے جوابی بیاضات کی دوبارہ تنقیح کی استدعا کی ۔ عدالت نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ سب سے پہلے دوبارہ تنقیح کا عمل مکمل کرلیا جائے اور کہا کہ بعد ازاں کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد کی بنیاد پر مزید اقدامات کئے جائیں ۔ عدالت نے انٹرمیڈیٹ طلبہ کی خودکشیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کو بدبختانہ قرار دیا ۔ ہائیکورٹ نے اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 8مئی کو مقرر کی ہے۔