انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں پر گورنر کی برہمی

چیف سکریٹری و دیگر عہدیداروں کی راج بھون طلبی ۔ صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا
حیدرآباد۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں و بے قاعدگیوں کی وجہ سے امتحانات میں ناکامی سے دلبرداشتہ طلبہ کے خودکشی واقعات کی اطلاعات پر ردعمل کا اظہار کیا اور فوری عہدیداران محکمہ تعلیم کو راج بھون طلب کیا اور حالات پر تبادلہ خیال کے بعد عہدیداروں سے دریافت کیا کہ آیا ایس ایس سی امتحان کامیاب کرنے والے طلبہ انٹر میں کیوں ناکام ہورہے ہیں اور ان کو صفر نشانات کیوں حاصل ہو رہے ہیں، اس کی وجہ کیا ہے؟ علاوہ ازیں انٹرمیڈیٹ نتائج پر سابق میں کوئی تنازعات نہیں تھے۔ اس مرتبہ تنازعات اور بے قاعدگیوں کے واقعات کی وجہ کیا ہے۔ گورنر نے یہ بھی دریافت کیا کہ اتنی کثیر تعداد میں طلباء کے خودکشی واقعات کے پیش آنے کی وجہ کیا ہے اور خودکشی پر طلبہ کیوں مجبور ہورہے ہیں۔ صورتحال کی اطلاعات پر تبادلہ خیال کے دوران نرسمہن نے برہمی ظاہر کی۔ عہدیداران متعلقہ کو انٹرمیڈیٹ طلبہ کے احتجاج کے بعد کی صورتحال پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیں۔ گورنر نے چیف سیکریٹری ایس کے جوشی، پرنسپال سیکریٹری محکمہ تعلیم بی جناردھن ریڈی، سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اے اشوک کو راج بھون طلب کرلیا تھا اور ان کے ساتھ زائد از 45 منٹ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور طلبہ کو صفر نشانات سے پیدا حالات کا آئندہ اعادہ نہ ہونے کا عہدیداروں کو حکم دیا اور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے متاثرہ وقار کو دوبارہ بحال ہونے جیسے اقدامات کی ہدایت دیں۔ گورنر نے سب سے پہلے انٹرمیڈیٹ سال دوم طلبہ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے مقررہ مدت میں امتحانی پرچوں کو دوبارہ جانچ و نشانات کی دوبارہ گنتی کروانے کے عمل کو مکمل کرنے کا مشورہ دیا اور کسی ایک طالب علم کے ساتھ ناانصافی نہ ہونے جیسے اور نقصان نہ ہونے کے اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو گورنر نے سخت ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ چار پانچ یوم کے دوران جاری احتجاج طلبہ کی خودکشی واقعات کی تفصیلات پر مبنی جامع رپورٹ جلد سے جلد پیش کرنے کی حکومت اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں۔