انٹرمیڈیٹ ناکام طلبہ کو خودکشی نہ کرنے کا مشورہ : ٹی ہریش راؤ

پرچوں کی دوبارہ جانچ اور نشانات کی تنقیح مفت ہوگی، ٹی آر ایس رکن اسمبلی کا بیان

حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) طلبہ انتہائی اقدام نہ کریں اور اولیائے طلبہ والدین اور سرپرست اپنے بچوں کی سخت نگرانی کریں۔حکومت تلنگانہ نے مفت از سر نو پرچوں کی جانچ کرنے اور نشانات کی تنقیح کرنے کا اعلان کیا ہے اسی لئے انٹر میڈیٹ میں ناکام ہونے والے طلبہ کو مایوس ہونے کے بجائے نتائج کا انتظار کرنا چاہئے ۔سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی سدی پیٹ ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں نوجوان کی خودکشی پر اظہار تاسف کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ۔انہو ں نے کہا کہ نوجوان ملک اور ریاست کا مستقبل ہیں وہ اپنی جانوں سے کھلواڑ نہ کریں اور اپنے افراد خاندان کو مشکلات میں مبتلاء نہ کریں کیونکہ امتحانات میں ناکامی کوئی زندگی کے خاتمہ کی وجہ نہیں ہوسکتی ۔ہریش راؤ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے حوصلہ اور جرأت کا مظاہرہ کریں کیونکہ حکومت تلنگانہ ان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل صورتحال سے طلبہ کو نکالنے کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہو ںنے نوجوانوں کی خودکشی کو افسوسناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان جذباتیت کا شکار ہوکر معمولی ناکامی پر انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے خاندان والوں کو تکالیف میں مبتلاء کر رہے ہیں ۔رکن اسمبلی تلنگانہ راشٹر سمیتی نے کہا کہ طلبہ کو ناکامی پر تکلیف ہوئی ہوگی اور ان کی برہمی واجبی ہے لیکن احتجاج و برہمی کے اظہار کے بجائے مایوسی کے عالم میں خودکشی کرنا درست نہیں ہے کیونکہ زندگی انتہائی قیمتی ہے اور اسے ایسے ضائع نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے ناکام ہونے والے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں تاکہ ان کے دماغ میں اس طرح کی منفی فکر پیدا نہ ہوسکے کیونکہ بیشتر نوجوان منفی سونچ کا شکار ہوتے ہوئے اس طرح کے انتہائی اقدام کرنے لگے ہیں جو کہ سماج میں مایوسی پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔