انٹرمیڈیٹ طلبہ کو انصاف دلانے تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی

کے ٹی آر کے گلوبرینا کمپنی سے روابط، کانگریس ترجمان ستیش مادیگا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔2 مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ستیش مادیگا نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کے مسئلہ پر کانگریس کی جدوجہد طلبہ کو انصاف دلانے تک جاری رہے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ستیش مادیگا نے کہا کہ قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کے بجائے کے سی آر حکومت بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرنے والی اپوزیشن جماعتوں اور ان کے قائدین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ اور گلوبرینا کمپنی کے سبب 20 سے زائد طلبہ کی جان ذائع ہوگئی۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کے لیے طلبہ نے جانوں کی قربانی کی تھی اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اس قدر بڑی تعداد میں طلبہ کی خودکشی کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود طلبہ کی خودکشی کے واقعات افسوسناک ہیں۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ کے سی آر حکومت میں نظم و نسق کا کوئی نام و نشان نہیں ہے اور کے سی آر فارم ہائوز چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے عہدیدار کے ٹی آر کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی بی سمن کے ٹی آر اور کے سی آر کی غیر قانونی آمدنی کی تائید کرنے کے عادی ہوچکے ہیں اور وہ ان کی نمک ہلالی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمن کو کانگریس قائدین کے بارے میں اپنی زبان قابو میں رکھنی چاہئے ورنہ کانگریس کارکن زبان کترنا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وی ہنمنت رائو جیسے قائد کو احمق قراردینا کے ٹی آر کے غرور اور تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔ حقیقی معنوں میں احمق تو کے ٹی آر ہی ہیں۔ اگر کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست تشکیل نہ دیتی تو کے سی آر اور کے ٹی آر کو سیاسی زندگی نہ ملتی۔ کانگریس ترجمان نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور خانگی کمپنی کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی مطالبہ کیا۔