حیدرآباد۔27اپریل ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے ماہ مارچ کے دوران منعقدہ امتحانات انٹرمیڈیٹ سال دوم ( جنرل اور ووکیشنل ) کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ۔ ان نتائج کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ جنرل میں ضلع رنگاریڈی کو پہلا اور ضلع نلگنڈہ کو آخری مقام حاصل ہوا ہے ۔ تعلیمی سال 2014-15 ء کے دوران امتحانات انٹرمیڈیٹ سال دوم ( جنرل ) میں جملہ 4,72,473 طلباء وطالبات شریک ہوئے ۔ جن کے منجملہ 2,58,181 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح کامیابی کا اوسط 61.41 فیصد رہا ۔ اسی طرح ووکیشنل کورس میں جملہ 32,730 طلباء وطالبات نے امتحانات انٹرمیڈیٹ سال دوم میں شرکت کی جن کے منجملہ 17,544 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی ۔ اس طرح نتائج کا اوسط 59.06 فیصد رہا ۔ آج یہاں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن آفس احاطہ میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کے نتائج ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے جاری کئے ۔ قبل ازیں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کے سری ہری نے اس بات کا اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے اس سال پہلی مرتبہ انٹرمیڈیٹ سال دوم میں ناکام طلباء و طالبات کو ہر ضلع سطح پر تجرباتی اساس پر ایک مرکز قائم کیا جائے گا ۔ جہاں طلباء و طالبات کو مفت قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ تین ہفتوں کیلئے اسٹیڈی کرنے اور ماہرین تعلیم سے امتحانی تیاری کیلئے تعاون حاصل کرنے کی گنجائش فراہم کی جائے گی ۔ اس مقصد کیلئے 4مئی سے باقاعدہ طور پر تیاری کی آغاز ہوگا۔اس طرح اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحان کیلئے ناکام طلباء وطالبات کو تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹروں کو بھی ضروری تعاون کرنے کیلئے ہدایت دی گئی ہے ۔ مسٹر سری ہری نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال دوم میں بھی لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کو ہی سبقت حاصل ہوئی ہے ۔ لڑکوں کے کامیابی کا اوسط 55.91 فیصد رہا جبکہ لڑکیوں کی کامیابی کا اوسط 66.86 فیصد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 25مئی سے دوپہر کے اوقات میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ انٹرمیڈیٹ سال دوم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کیلئے امتحانی فیس داخل کرنے کی آخری تاریخ 6مئی مقرر ہے اور جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کرنے کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی بلکہ 6 مئی آخری تاریخ ہوگی ۔ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ کامیاب طلباء و طالبات کے میمورنڈم آف مارکس یکم مئی سے متعلقہ کالجوں کے پرنسپالس کے ذریعہ حاصل کئے جاسکتے ہیں اور نشانات کی دوبارہ گنتی جوابی بیاضات کی فوٹو کاپی وغیرہ کے حصول کیلئے 100روپئے فی پرچہ نشانات کی دوبارہ گنتی کیلئے اور جوابی بیاضی کی فوٹو کاپی کیلئے فی پرچہ کیلئے 600روپئے فیس داخل کرنا ہوگا اور اس کیلئے بھی آخری تاریخ 6مئی کے بعد آن لائن سسٹم و ویب پورٹل بند ہوجائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ پارلیمنٹری سکریٹری مسٹر ستیش ‘ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی آر آر آچاریہ ‘ مسٹر مقتدر احمد ڈپٹی سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں ڈاکٹر اے اشوک سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے خیرمقدم کیا اور اپنی رپورٹ پیش کی ۔