حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ انٹر امتحانات میں بے قاعدگیوں کیلئے حکومت میں شامل تین اہم شخصیتیں ذمہ دار ہیں۔ موجودہ صورتحال اور طلبہ کی خودکشی کیلئے مذکورہ تینوں شخصیتوں کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے باتے چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ گلوبرینا کمپنی کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے پرچوں کی جانچ جو ذ مہ داری دی ہے ، اس کے نتیجہ میں یہ خامیاں منظر عام پر آگئیں۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ادارے نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ سے طلبہ کے حقیقی نشانات حاصل کرتے ہوئے اپ ڈیڈ نہیں کیا ۔ ادارہ کے خلاف کئی کالجس کی جانب سے شکایتوں کی وصولی کے باوجود بورڈ کے عہدیداروں نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے سکریٹری خانگی ادارہ کو بچانے کی کوشش کر رہیں ۔ کے ٹی آر سے قریبی روابط کے نتیجہ میں اس کمپنی کو چھوٹ دے دی گئی ۔ حالانکہ اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ کودنڈا رام نے اس کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی کو اسکام کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی میں حکومت کی جانب سے تاخیر کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ۔