حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت انٹر میڈیٹ امتحانات اپنے طور پر منعقد کرے گی۔ انٹر میڈیٹ امتحانات کے مسئلہ پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان تنازعہ جاری ہے اور تلنگانہ حکومت علحدہ طور پر امتحانات کے انعقاد پر اٹل ہے ۔وزیر تعلیم نے کہا کہ تلنگانہ انٹر بورڈ کی نگرانی میں انٹر میڈیٹ امتحانات منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کے دسویں شیڈول کے مطابق تلنگانہ کو علحدہ طور پر امتحانات کے انعقاد کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے طلباء اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ امتحانات کے سلسلہ میں کسی طرح کی الجھن کا شکار نہ ہوں۔ وزیر تعلیم نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش اپنی ریاست کے عوام کے مسائل کی یکسوئی کے بجائے تلنگانہ حکومت کیلئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کی کارکردگی متاثر کرنے کیلئے مختلف سازشیں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ انٹر میڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے مسئلہ پر تعطل ختم کرنے کیلئے گورنر ایس ایس ایل نرسمہن نے دونوں ریاستوں کے وزرائے تعلیم کا مشترکہ اجلاس طلب کیا تھا تاہم اس مسئلہ کا حل نہیں نکل سکا۔