انوارالعلوم کالج انتظامیہ کے خلاف توہین آمیز بیانات

حیدرآباد ۔ /10 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش اسٹیٹ وقف بورڈ کے سابقہ اسپیشل آفیسر مسٹر شیخ محمد اقبال کے خلاف مقدمہ چلانے کی ہائیکورٹ نے اجازت دیدی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انوارالعلوم کالج اور اس کے انتظامیہ بشمول سکریٹری جناب محبوب عالم خان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مسٹر اقبال نے ایک پریس کانفرنس منعقد کی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر توہین آمیز بیانات دیئے تھے ۔ مسٹر محبوب عالم خان نے آئی پی ایس عہدیدار کے خلاف چوتھے ایڈیشن چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر ایک کیس جس کا نمبر 222/2014 ہے دائر کیا تھا لیکن مسٹر اقبال نے اس مقدمہ کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے حکم التواء حاصل کیا تھا ۔ ہائیکورٹ کے جج جسٹس یو درگا پرساد راؤ نے جناب محبوب عالم خان کی ایک درخواست کی سماعت کے بعد مسٹر اقبال کی جانب سے حاصل کئے گئے حکم التواء کو خارج کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ چلانے کے احکامات جاری کئے ۔ صحافتی بیان میں مسٹر محبوب عالم خان نے بتایا کہ اس مقدمہ کی کامیابی کیلئے بہترین وکلاء کو نامزد کیا جارہا ہے اور قانونی فرائض کی تکمیل کی جارہی ہے جبکہ سپریم کورٹ میں بھی قانونی بندوبست کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ شیخ محمد اقبال نے اسپیشل آفیسر کے میعاد کے دوران انوارالعلوم کالج اور سکریٹری کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کئی الزامات عائد کئے تھے جس کے نتیجہ میں ان کے خلاف نامپلی کورٹ میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا ۔