نئی دہلی ، یکم اگست (یو این آئی) لوک سبھا میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے رکن اے سمپت نے کانگریس کے رکن ششی تھرور کے کیرالہ میں واقع دفتر پر حملے کے معاملے میں پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار پر ایوان میں غلط بیانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیا ہے ۔ اے سمپت نے وقفہ سوالات کے فوراً بعد یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’ اننت کمار نے 18 جولائی کو ایوان میں کہا تھا کہ حملہ کرنے والے سی پی ایم کے جرائم پیشہ تھے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تمام گرفتار شدہ آٹھ ملزمان بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن ہیں‘‘۔ اننت کمار سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی امور کے وزیر نے ایوان کو اور ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اس پر حزب اقتدار کی جانب سے کسی نے کہا کہ ایف آئی آر میں کسی پارٹی کا نام نہیں ہے ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ انہیں مراعات شکنی کا نوٹس مل گیا ہے اور وہ اس پر غور کریں گی۔