اننت پور میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد کا قتل

قریبی مواضعات میں تشویش کی لہر ، رائلسیما میں گروہی رقابتوں میں پھر ایک مرتبہ اضافہ
حیدرآباد ۔ /6 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے علاقہ رائلسیما ، ضلع اننت پور میں گروہی رقابتوں کے باعث دوبارہ قتل واقعات کا آغاز ہوا ہے اور ضلع اننت پور کے دھرما ورم منڈل وڈنگاپلی موضع میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد مسٹر چناریڈی کا ان کے مخالفین نے بیدردانہ طور پر قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک منصوبہ بند انداز میں چناریڈی کا مقام واقعہ کے پاس انتظار کرکے ان کے اس مقام پر پہونچنے کے ساتھ ہی کلہاڑیوں سے حملہ کرکے چناریڈی کا قتل کردیا گیا ۔ اس قتل واقعہ سے دھرما ورم منڈل کے تمام مواضعات میں سنسنی و زبردست ہلچل پیدا ہوگئی ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے مقام واقعہ پر پہونچکر مقتول کی نعش کا پنچنامہ کرکے کیس درج رجسٹر کرکے قتل کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔