سری نگر ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی نے کہا کہ ضلع اننت ناگ کے شیشتر گام ڈورو میں چھڑنے والا مسلح تصادم دو عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا ‘تصادم ختم ہوگیا ہے اور اس میں دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے ۔ اس میں فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ مارے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ‘۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شیشتر گام ڈورو میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزو پولیس فورس نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات تلاشی آپریشن شروع کیا۔ تاہم سیکورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ کو محاصرے میں لئے جانے کے دوران عسکریت پسندوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس کا فورسز نے جواب دیا اور طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم کا آغاز ہوا۔