740 کمپنیاں طلب ، وزارت داخلہ 30 ہزار افراد روانہ کرنے تیار
نئی دہلی ۔ یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت داخلہ نے آج الیکشن کمیشن کی اننت ناگ میں عسکریت پسندی کے پیش نظر زیادہ صیانتی عملہ روانہ کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ صرف 30 ہزار افراد روانہ کرسکتی ہے ۔ اس کی اطلاع الیکشن کمیشن کو دیدی گئی جو امکان ہے کہ ضمنی انتخابات 25 مئی کو منعقد کرنے کی تجویز پر نظرثانی کرے۔ ضمنی انتخابات کے ملتوی کردینے کا بھی امکان ہے ۔ قبل ازیں 9 اپریل کو سرینگر لوک سبھا نشست پر ضمنی انتخابات کے دوران 8 افراد کی ہلاکت کی وجہ سے اننت ناگ کے انتخابات 12 اپریل تک ملتوی کردیئے گئے تھے ۔ ان کے تیسری بار ملتوی ہونے کا امکان موجود ہے ۔ گزشتہ ہفتہ الیکشن کمیشن نے مرکزی وزارت داخلہ سے نیم فوجی فورسیس کی 740 کمپنیاں طلب کی تھیں تاکہ فوجیوں کو مناسب انداز میں تعینات کرنے کی کارروائی شروع کی جاسکے ۔ الیکشن کمیشن کی یہ درخواست غیرمعمولی تھی ۔ یوپی میں جہاں 403 اسمبلی اور 80 نشستیں ہیں صرف 70ہزار نیم فوجی فورسیس کے ارکان عملہ کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اس تعداد میں باقی چار ریاستوں میں تعینات افراد کی تعداد بھی شامل ہے ۔ وزارت داخلہ کے تحت 10 لاکھ نیم فوجی ارکان عملہ ہیں۔