انقلابی شاعر وراورا رائو اور دیگر قائدین کی گرفتاری

فورم برائے سیاسی متبادل کے جلسہ اور جلوس پر پابندی
حیدرآباد 21 ستمبر ( پی ٹی آئی) انقلابی شاعر مسٹر ورا ورا راو اور دیگر ماوسٹ حامیوں کو ؑآج شہر کے مختلف مقامات سے احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا۔ پولیس نے کل فورم برائے سیاسی متبادل کو اس بنیادپر جلسہ عام اور جلوس نکالنے کی اجازت سے انکار کردیا تھا کہ یہ تنظیم ممنوعہ سی پی آئی( ماویسٹ) سے وابستہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر کملا سین ریڈی نے بتایا کہ فورم کے زیر اہتمام ایک سمینار و ریالی اور جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت کیلئے درخواست کو نا منظور کردیاگیا تھا اس کے باوجود انقلابی ادیب ورا ورا راو اور ان کے ساتھی آج پروگرام منعقد کرنے کی کوشش میں تھے جس کے پیش نظر انہیں احتیاطاً حراست میں لے لیا گیا ایک اور انقلابی شاعر کلیان راو کو گنٹور میں ریاست جھارکھنڈ سے وابستہ گلوکارہ جتن مرانڈی کو حیدرآباد میں گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پولیس مسٹر امرکانت ریڈی نے بتایا سندریا وگیان کیندرہ کے پاس فورم کے سینکڑوں ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ۔ قبل ازیں مسٹر ورا ورا راو نے پولیس کو پیشکردہ درخواست میں بتایا تھا کہ مذکورہ سمینار میں گذشتہ 10 سال کے دوران انقلابی تحریک میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ لیکن پولیس نے سمینار کی اجازت سے انکار کردیا کیونکہ فورم برائے سیاسی متبادل کے پمفلٹ میں کہا گیا ہیکہ سی پی آئی( ماویسٹ) مروجہ جمہوری نظام میں واحد متبادل جماعت ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہیکہ جلسہ اور جلوس کی آڑ میں ممنوعہ پارٹی کے نظریات کی تشہیر اور نئے کیڈر کی بھرتی کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ باوثوق ذرائع نے یہ اطلاع دی ہیکہ شرکاء کے بھیس میں روپوش ماویسٹ قائدین حیدرآباد پہنچ سکتے ہیں جس کے باعث پولیس نے یہ احتیاطی تدابیر اختیار کی تھی۔