انقلابی شاعر مخدوم محی الدین کی یاد میں تلنگانہ جاگرتی کا مشاعرہ

حیدرآباد ۔ یکم   فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے انقلابی شاعر مخدوم محی الدین کی یاد میں ٹی آر ایس کی کلچرل تنظیم تلنگانہ جاگرتی نے قومی مشاعرے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی اس عظیم شخصیت کے یوم پیدائش کے موقع پر 4 فروری کو مشاعرہ کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ جاگرتی نے اس موقع پر مخدوم محی الدین کے مجموعہ کلام ’’بساط رقص‘‘ کو شائع کرنے کا فیصلہ کیا جس کی رسم اجراء مشاعرہ میں انجام دی جائے گی۔ مشاعرہ کے سلسلہ میں کویتا نے دو مقامات کی نشاندہی کی ہے جن میں تاریخی چارمینار اور قلی قطب شاہ اسٹیڈیم شامل ہیں۔ اگر پولیس تاریخی چارمینار کے دامن میں مشاعرہ کے انتظامات کیلئے تیار ہوجائے تو  مشاعرہ اسی مقام پر منعقد ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب تلنگانہ جاگرتی نے کسی اردو شاعر کیلئے پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قومی مشاعرہ کے سلسلہ میں جن بیرونی شعراء نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے ان میں منور رانا ، جوہر کانپوری ، عمران پرتاپ گڑھی ، ماجد دیوبندی اور لتا حیا شامل ہیں۔ مقامی شعراء کی بھی فہرست تیار کی گئی ہے جن میں حیدرآباد کے سینئر شعراء کو شامل کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، رکن پارلیمنٹ و صدر تلنگانہ جاگرتی کے کویتا کے علاوہ شہر کے وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔
جی ایچ ایم سی کے افسروں کو تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ کی مبارکباد
حیدرآباد یکم فروری (یواین آئی )تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی )کے افسروں کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیام میں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کے معاشی سروے 17۔ 2016کے دوران شفافیت ‘ جواب دہی اور آمدنی کے معاملہ میں حیدرآباد سرفہرست رہا ۔ اس کام کے سلسلہ میں بہتر کارکردگی کی انہوں نے ستائش کرتے ہوئے بلدی افسروں کو مبارکباد دی ہے ۔