راہول گاندھی کے ملک و دستور بچاؤ نعرے سے متاثر ، پارٹی ٹکٹ پر مقابلہ کے لیے تیار
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : انقلابی شاعر غدر کے فرزند سوریہ کرن نے کہا کہ وہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے ملک و دستور بچاؤ نعرے سے متاثر ہیں جس کی وجہ سے کانگریس میں شامل ہوئے ہیں پارٹی ہائی کمان جہاں سے بھی ٹکٹ دے گی وہ مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ آج دہلی کے اے آئی سی سی آفس میں ناگم جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے والے سوریہ کرن نے کہا کہ فرقہ پرستی کے خلاف آہنی دیوار بننے والی کانگریس کے سیکولر نظریات سے وہ بڑی حد تک اتفاق کرتے ہیں ۔ گذشتہ 4 سال سے ملک میں امن و امان کو تباہ و تاراج ، اظہار خیال پر پابندی اور کھانے پینے پر امتناع عائد کیا جارہا ہے ۔ ہر طرف افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ فرقہ پرستی کے خلاف کانگریس پارٹی ہی مقابلہ کررہی ہے ۔ کانگریس کو مستحکم کرنے اور تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو برسر اقتدار لانے کے لیے وہ کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے نوجوانوں کے امید کی کرن ہے ۔ قومی سطح پر عوام بی جے پی سے اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی حکمرانی سے بدظن ہوچکے ہیں ۔ دونوں جماعتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا وقت آچکا ہے ۔ وہ اپنے والد انقلابی شاعر غدر کا آشیرواد حاصل کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے نکسلائٹ تنظیموں کا رکن ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جمہوریت اور رائے دہی پر مکمل بھروسہ ہے ۔ کانگریس پارٹی انہیں جہاں سے بھی ٹکٹ دے گی وہ مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔۔