دہرہ دون۔ /3اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈیمی آف ایڈمنسٹریشن میں مبینہ طور پر اس پروقار ادارہ کے عہدیدار کی طرف سے جاری کردہ جعلی شناختی کارڈ پر یہاں بحیثیت آئی اے ایس پروبیشنر قیام کرنے والی خاتون روبی چودھری نے حکام پر اس ادارہ کے ڈپٹی ڈائرکٹر کو بچانے کا الزام عائد کیا اور اس کے ساتھ انصاف نہ کئے جانے پر خودکشی کی دھمکی دی۔ روبی چودھری نے اس بااثر آئی اے ایس آفیسر جین کو بچانے حکام کی اجتماعی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے دیدہ دلیری کے ساتھ چیلنج کیا کہ اگر وہ ( جین ) غلط نہیں ہیں تو کھلے عام اس کے مدمقابل آئیں۔ روبی نے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ روبی نے الزام عائد کیا کہ وزراء سے لیکر پولیس والے تک انہیں ( سوربھ جین کو ۹ بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ تاحال ان سے پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔ روبی نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد میرے خاندان اور سسرال سے تعلقات متاثر ہوئے ہیں۔ انصاف نہ ملنے کی صورت میں میرے پاس خودکشی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں رہیگا۔