انشورنش شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری

حد میں اضافہ پر مرکز کا غور
نئی دہلی 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت انشورنش شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری کی حد کو 49 فیصد تک بڑھانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس کے علاوہ وہ بیرونی شراکت دار کیلئے رائے دہی کا حق 26 فیصد تک محدود رکھا جائیگا ۔ انشورنس قانون ( ترمیمی ) بل 2008 کے تحت انشورنس شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری کی حد کو 26 فیصد سے بڑھا کر 49 فیصد تک کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ وزارت فینانس کی جانب سے اب اس بل میں ترمیم کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے ۔ یہ بل 2008 سے ہی التوا میں ہے ۔ مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ جہاں راست بیرونی سرمایہ کاری کی حد کو 49 فیصد تک بڑھا دیا جائے وہیں بیرونی شراکت داروں کیلئے رائے دہی کو 26 فیصد تک محدود رکھا جائے ۔ کہا گیا ہے کہ انشورنس کمپنیوں کی سرمایہ ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے یہ اقدام کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ مرکزی حکومت چاہتیہ ے کہ کسی بھی انشورنس کمپنی کے جملہ حصص سرمایہ میں کسی بھی بیرونی کمپنی کی حصہ داری 49 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے ۔ علاوہ ازیں اس طرح کے بیرونی شراکت داروں کے رائے دہی کے حقوق 26 فیصد سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں۔ علاوہ ازیں یہ گنجائش بھی رکھی جا رہی ہے کہ انشورنس جوائنٹ وینچر کمپنی کے سی ای او کا تقرر ہندوستانی شئیر ہولڈرس کو کرنا چاہئے اور اس کی ریگولیٹری منظوری حاصل کی جانی چاہئے ۔