حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : انشورنس کمپنیز یکم اپریل 2015 سے ایجنٹس کا راست تقرر کرپائیں گی ۔ انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے چیرمین ٹی ایس وجیئین نے یہ بات بتائی ۔ آج یہاں کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری ( CII ) کے زیر اہتمام انشورنس کے موضوع پر منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وجیئین نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک ایکسپوژر ڈرافٹ جاری کیا جاچکا ہے اور کمپنیز اس پر کام کررہی ہیں ۔ اس کے ساتھ ایجنٹس کو امتحان میں کوالیفائی ہونے کے بعد لائسنس دینے کا سسٹم ختم ہوجائے گا ۔ انشورنس میں بیرونی راست سرمایہ کاری کے اپرکیاپ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 26 فیصد سے 49 فیصد کرنے کے حالیہ آرڈیننس کے پیش نظر ریگولیٹری تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے چیرمین نے کہا کہ تمام ریگولیشنس کو اس آرڈیننس کی مطابقت میں تبدیل کرنا ہوگا ۔ تاہم ہم موجودہ انشورنس ایکٹ میں اچانک تبدیلی نہیں کریں گے کیوں کہ انڈسٹری کو بھی نئے قواعد کو اختیار کرنے میں وقت درکار ہوگا ۔۔