نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) انشورنس بل کی منظوری پر غیر یقینی صورتحال برقرار ہے جو نریندر مودی حکومت کی پہلی بڑی اصلاحات کی کوشش قرار دی جا رہی ہے ۔ اس بل کے ریعہ انشورنس شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری کی شرح کو بڑھا کر 49 فیصد تک کردینے کی گنجائش ہے ۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے بشمول 9 سیاسی جماعتوں نے اس بل کو ایوان کی منتخبہ کمیٹی سے رجوع کرنے کی نوٹس دی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ کانگریس ‘ سی پی ایم ‘ سی پی آئی ‘ سماجوادی پارٹی ‘ بی ایس پی ‘ ڈی ایم کے ‘ جنتادل یو ‘ ترنمول کاگنریس اور آر جے ڈی نے صدرنشین حامد انصاری کو نوٹس دی ہے کہ اس متنازعہ بل کو منتخب کمیٹی سے رجوع کیا جائے ۔ امکان یہ کہ حکومت پیر کو یہ بل ایوان میں پیش کریگی ۔
حکومت کی حلیف نہ رہنے کے باوجود اہم مسائل پر حکومت کی تائید کرنے والی آل انڈیا انا ڈی ایم کے نے بھی انشورنس بل کے مسئلہ پر راجیہ سبھا میں 9 جماعتوں کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ اس نے اس نوٹس پر دستخط نہیں کئے ہیں۔ بی جے ڈی کا موقف بھی ابھی اس مسئلہ پر واضح نہیں ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں میں اس بات پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے کہ جیسے ہی حکومت راجیہ سبھا میں پیر کے دن متنازعہ انشورنس قوانین ( ترمیمی ) بل پیش کریگی یہ سب جماعتیں ایک تحریک پیش کرتے ہوئے اسے منتخب کمیٹی سے رجوع کرنے کا مطالبہ کرینگی ۔ ایوان بالا میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو اکثریت حاصل نہیں ہے اور کل ہی پارلیمانی امور کے وزیر مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے اس بل کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنے کے امکان پر کسی طرح کا رد عمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا تھا ۔
یہ بل پہلے ہی اسٹانڈنگ کمیٹی سے رجوع کردیا گیا ہے اس میں یہ گنجائش رکھی گئی ہے کہ انشورنس کے شعبہ میں راست بیرونی سرمایہ کاری کی موجودہ 26 فیصد کی شرح کو بڑھا کر 49 فیصد کردیا جائیگا۔ کانگریس کا ادعا ہے کہ یہ بل در اصل خود اس کا آئیڈیا ہے لیکن اب اس میں کئی نئی دفعات کو شامل کرلیا گیا ہے ۔کانگریس کا کہنا ہے کہ اب جو دفعات اس بل میں شامل کی گئی ہیں وہ بہتر نہیں ہیں ۔ حالانکہ حکومت اس بل کی منظوری کیلئے زیادہ دلچسپی رکھتی ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں کو اس بات کا یقین نہیں ہے کہ حکومت اس بل کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کام لے گی ۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنا ہی بہترین خیال ہے ۔