انشورنس بل جاریہ سیشن میں پیش کئے جانے کا امکان نہیں

نئی دہلی۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اور اپوزیشن کے مابین تعطل کے باعث متنازعہ انشورنس بل پارلیمنٹ کے جاریہ سیشن میں پیش کئے جانے کا امکان نہیں ہے۔ نریندر مودی حکومت نے معاشی اصلاحات کے ضمن میں پہلا بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انشورنس شعبہ میں ایف ڈی آئی کی حد کو 49% تک بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔ کانگریس زیرقیادت اپوزیشن نے اس معاملے میں رکاوٹ کھڑی کردی اور اس کا استدلال ہے کہ بل کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کیا جائے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس بل پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی اور ایک وزیر نے یہ ریمارک کیا کہ انشورنس کی کوئی طمانیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ راجیہ سبھا میں حکومت کو اکثریت حاصل نہیں اور گیند اب کانگریس کے کورٹ میں ہے۔ مملکتی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے بھی یہ تسلیم کیا ہے کہ کانگریس اس بل کی منظوری میں رکاوٹ بن رہی ہے۔