انسداد منافع خوری کیلئے اتھاریٹی کے قیام کو آج منظوری متوقع

نئی دہلی ۔ 3 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت توقع ہے کہ خدمات و اشیاء ٹیکس قانون کے تحت انسداد منافع خوری اتھاریٹی کی تشکیل کو کل منظوری دیگی ۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں کابینہ کل اس اتھاریٹی میں ایک چیرمین اور چار تکنیکی ارکان کے عہدوں کے قیام کو بھی منظوری دیگی ۔ جی ایس ٹی نظام کے تحت کمتر ٹیکس شرحوں کے فوائد صارفین تک نہ پہونچانے والے کاروباریوں سے نمٹنے کیلئے جی ایس ٹی کونسل نے منافع خوری کے انسداد پر پانچ رکنی قومی کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی تھی ۔ اس اتھاریٹی کی میعاد اس کے چیرمین اور چار ارکان کے جائزہ لینے کی تاریخ کے بعد دو سال رہے گی ۔ چیرمین جو سکریٹری سطح کے افسر ہوں گے اور ان کی ماہانہ تنخواہ 2.25 لاکھ روپئے ہوگی ۔ انھیں دیگرالاؤنسیس بھی دیئے جائیں گے ۔ اگر کسی ریٹائرڈ افسر کو صدرنشین بنایا جاتا ہے تو ان کی تنخواہ بھی اگرچہ 2.25 لاکھ روپئے ماہانہ ہوگی لیکن اس سے ان کے وظیفہ کی رقم منہا کی جائے گی۔

 

جیہ کی موت : پارٹی ممبر انکوائری کیخلاف عدالت سے رجوع
چینائی۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مدراس ہائیکورٹ کل ایک پٹیشن کی سماعت کرے گا ، جس کے ذریعہ اس کمیشن آف انکوائری کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے جو حکومت ِ ٹاملناڈو نے سابق چیف منسٹر جے جیہ للیتا کی موت کی تحقیقات کیلئے تشکیل دیا ہے۔ چیف جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس ایم سندر پر مشتمل فرسٹ بینچ نے آج کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت کل کریں گے، جب سینئر کونسل کے ایم وجین نے آل انڈیا انا ڈی ایم کے پارٹی ممبر کی داخل کردہ پی آئی ایل کو اجلاس پر پیش کرنے کی اجازت چاہی ۔ ریاستی حکومت نے 25 ستمبر کو یک رکنی کمیشن آف انکوائری تشکیل دیتے ہوئے ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج اے اروموگا سامی کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپی تھی۔