سیاست کے فلاحی کاموں کو مزید آگے بڑھانے کا عزم، حیدرآباد کوٰۃ چیارٹیبل ٹرسٹ کا اجلاس، جناب زاہدعلی خاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔26مئی (سیاست نیوز) ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام سالانہ اجلاس اور دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے غیاث الدین بابو خان کی ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے مسلم معاشرہ کے مستحقین کی معاشی خوشحالی کے لئے جو اقدامات کئے وہ غیر معمولی ہے۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دیگر برادران وطن میں اپنی شبیہ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے بین مذاہب عیدمیلاب تقاریب کا اہتمام کیا جانا چاہے تاکہ آپسی غلط فہمیوں کا اِزالہ ہوسکے۔ اتوار 26؍مئی کو لیک ویو بنجارہ فنکشن ہال بنجارہ ہلز میں حیدرآباد زکوۃ چیرٹیبل ٹرسٹ کے سالانہ اجلاس اوردعوت افطار کا اہتمام کیاگیا تھا جس کی نگرانی چیرمن ٹرسٹ جناب غیاث الدین بابوخان نے کی جبکہ جناب زاہد علی خان نے مہمان خصوصی اور جناب ظفر جاوید نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی ۔سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب زاہدعلی خان نے حالیہ پارلیمانی الیکشن کے نتائج کے حوالے سے کہاکہ تلنگانہ میںبی جے پی کے چار اراکین پارلیمنٹ کی جیت نہ صرف قابل تشویش ہے بلکہ انہوں نے کہاکہ جنوبی ہندوستان میں بی جے پی کو اپنے قدم جمانے کے لئے کرناٹک کے بعد تلنگانہ آنے والے دنوں میں دوسرا باب الدخلہ ثابت ہوسکتا ہے۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ فرقہ پرستی کواپنے پیر پھیلانے سے روکنے کے لئے حیدرآباد کی قدیم گنگا جمنی تہذیب کا احیاء ضروری ہے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ حیدرآباد کے ہندو مسلم سکھ عیسائی بردران کو ملکر یہ کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اس کے لئے میںچاہتاہوں کہ عید کے بعد ایک بڑے پیمانے پر عید میلاپ منعقد کیا جائے۔جس میں بین مذہبی عقائد پر تبادلہ خیال بھی کیاجاناچاہئے تاکہ اس کا پیغام نہ صرف ہندوستان بلکہ ساری دنیامیںپھیل سکے۔انہوں نے کہاکہ بین مذہبی عقیدہ کا رحجان ہے اولاد آدم کو زندہ رکھنے کا واحد ذریعہ ہے۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ جس طرح ادارے سیاست فلاحی خدمات انجام دے رہاہے اس کو آگے لے جانے کی ذمہ داری ہم آئندہ کی نسلوں پرعائد کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے ہمیں ایک ساتھ بیٹھ کر تبادلہ خیال کرنا ضروری ہے۔جناب زاہدعلی خان نے حیدرآباد زکوۃ چیرٹیبل ٹرسٹ کے فلاحی کاموں میں ادارہ سیاست کی جانب سے آگے بھی ہرممکن تعاون کا وعدہ کیا۔چیرمین حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ جناب غیاث الدین بابو خان نے اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ اس نے حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ‘ غیاث الدین بابو خان چیریٹیبل ٹرسٹ اور فیڈ کے ذریعہ مسلم معاشرہ کے غریب اور مستحق افراد کی خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اجتماعی زکوٰۃ کے نظام کے جو مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوئے ہیں‘ اس کی ہندوستان بھر میں تقلید کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2018-19ء میں ٹرسٹ اورفیڈ کے مختلف اسکیمات سے ایک لاکھ 23ہزار 148 مستحقین فیضیاب ہوئے جن پر لگ بھگ دس کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ گذشتہ 27برس کے دوران ٹرسٹ نے 13لاکھ 22ہزار 904 مستحقین پر 123کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی مسرت اور طمانیت کا اظہار کیا کہ گذشتہ سال 12ہزار 822 یتیم لڑکیوں کی تعلیم پر 4کروڑ 20لاکھ اور پوسٹ میٹرک اور پروفیشنل کورسس کے 173طلبہ پر 20لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ ٹرسٹ کی جانب سے تلنگانہ اور رائل سیما میں تین انگلش میڈیم اور 103اردو میڈیم اسکولس کے 25ہزار سے زائد طلبہ کو مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ اِن میں 72فیصد لڑکیاں ہیں۔ جناب غیاث الدین بابو خان نے صاحب حیثیت افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوشیوں میں معاشرہ کے اُن غریب اور مستحق افراد‘ بیوائوں اور یتیموں کو شامل رکھیں۔ 1990 کے فسادات سے لے کر آج تک انہوں نے ہر شعبہ حیات میں جو خدمات انجام دی ہیں‘ اس کی مثال نہیں مل سکتی۔ جناب عبدالعلیم خاں چیرمین فیڈ، جناب علی الدین حیدر، جناب ضیاء الدین نیراور جاوید ہوڈ بھی شہ نشین پر تھے۔ جناب عارف مرزا نے کاروائی چلائی۔