انسداد دراندازی کا سسٹم مضبوط : آرمی

کپواڑہ (جموں و کشمیر) ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پاس انسداد دراندازی گرڈ کے بارے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک اعلیٰ آرمی کمانڈر نے کہا کہ ان کی افواج وادی میں فائربندی کی خلاف ورزی میں کسی بھی شدت کی صورت میں مناسب طور پر جوابی کارروائی کرنے کی معقول اہمیت رکھتی ہیں۔ سرینگر میں قائم چنار کورز کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل سبرتا ساہا نے سرینگر سے 100 کیلو میٹر دور منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کشمیر ڈیویژن میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں اتنی زیادہ نہیں جتنی جموں ڈیویژن میں پیرپانجل کے جنوب میں ہورہی ہیں۔ لہٰذا اس خطہ میں فائر بندی کی خلاف ورزیوں کو قابو میں رکھا جارہا ہے اور مجھے امید ہیکہ صورتحال اسی طرح قابو میں رہے گی لیکن اگر اس میں شدت پیدا ہوتی ہے تو ہم مناسب طور پر جواب دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دراندازی کا سسٹم جو وادی میں لائن آف کنٹرول کے پاس بنایا گیا ہے، پوری طرح مضبوط اور کارکرد ہے اور اس سسٹم کے ذریعہ ماضی قریب میں دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا جاچکا ہے۔