انسداد جہیز قانون :الزامات کی تصدیق تک گرفتاری نہیں

نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے قانون انسداد جہیز کے بیجا استعمال پر تشویش ظاہر کی ہے اور ہدایت دی کہ الزامات کی تصدیق کے بغیر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لانا چاہئے کیوں کہ بے قصور افراد کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو بالائے طاق نہیں رکھا جاسکتا۔ فاضل عدالت نے آئی پی سی کے سیکشن 498A (کسی شادی شدہ خاتون پر ظلم کرنا) کے تحت مختلف شکایات سے نمٹتے ہوئے ہدایت جاری کی۔ عدالت نے کہاکہ اِس طرح کی کئی شکایتیں واقعتاً درست نہیں ہوتی ہیں اور غیر ضروری گرفتاری سے معاملے کے سلجھاؤ کے امکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔ جسٹس آدرش کمار گوئل اور جسٹس یو یو للت کی بنچ نے نشاندہی کی کہ فاضل عدالت نے قبل ازیں کہا تھا کہ اِس گنجائش پر سنجیدگی سے نظرثانی کی ضرورت ہے اور بعض اوقات اِس طرح کی شکایتیں غیر ضروری ہراسانی کا موجب بن جاتی ہیں جس کا شکار نہ صرف ملزم بلکہ اکثر و بیشتر شکایت کنندہ بھی ہوجاتی ہے۔

 

ایئر ٹکٹوں کیلئے آدھار لازمی نہیں
نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اُمور داخلہ کو بتایا گیا ہے کہ حکومت کے پاس ایئر ٹکٹوں کی بکنگ کے لئے آدھار نمبر کو لازمی بنانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہ بات نامزد مرکزی معتمد داخلہ راجیو گاؤبا کی قیادت میں عہدیداروں نے گزشتہ روز ایم پیز کے گروپ کے گوش گزار کی۔ اِس کمیٹی کے سربراہ پی چدمبرم ہیں۔پیانل نے مختلف سکیورٹی مسائل پر بھی غور کیا۔