انسداد جنسی ہراسانی اور جنسی مساوات کو مستحکم کرنے پروگرام کا آغاز

امریکی قونصل خانہ شعور بیداری اسکیم ، گیبرل ہانس اولیویر قونصل برائے عوامی امور کا خطاب
حیدرآباد ۔ /3 ستمبر (سیاست نیوز) مہذب و ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل کیلئے جنسی مساوات کا قیام ناگزیر ہے ۔ امریکی قونصل خانے کے تعاون سے شروع کردہ اسکیم ’’کمیونٹی لیڈ ایکشن پروگرام بائی پولیس‘‘  (سی ایل اے پی پی) کے ذریعہ عوام میں شعور بیداری اور جنسی مساوات کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر گیبرل ہانس اولیویر قونصل برائے عوامی امور متعینہ حیدرآباد میں آج اس منصوبہ کے آغاز کے موقعہ پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ جنسی ہراسانی کے واقعات کے تدارک کے علاوہ جنسی مساوات کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کے تحت امریکی قونصل خانے میں عوامی تعاون کے ساتھ حیدرآباد اور چینائی میں اس پروگرام کا آغاز عمل میں لایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر بارک اوباما جنسی مساوات کے فروغ کے حامی ہیں اور انہوں نے امریکہ میں جنسی تشدد کے خاتمہ کیلئے سخت گیر اقدامات کئے ہیں ۔ مسٹر گیبریل نے بتایا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے ہی کسی بھی ملک کی ترقی ممکن ہے ۔ جنسی مساوات کو قابو میں رکھنے کیلئے ہمہ رخی اقدامات ضروری ہے ۔  ہندوستان کے دونوں شہروں میں شروع کردہ اس پراجکٹ کے متعلق انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں شی ٹیم کے علاوہ یوسف گوڑہ میں واقع سینٹ میریس کالج کے تعاون سے یہ پروگرام چلایا جائے گا جس میں منتخبہ طالبات اور پولیس اہل کاروں کی جانب سے خدمات انجام دی جائیں گی تاکہ عوامی مقامات پر خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور جنسی ہراسانی کے واقعات پر روک تھام کیلئے اقدامات یقینی بنائے جاسکیں ۔ پی سی وی سی کی جانب سے جنسی ہراسانی کے واقعات کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے امریکی عہدیدار نے کہا کہ بین الاقوامی فاؤنڈیشن برائے تدارک جرائم و متاثرین کی مدد کیلئے خدمات انجام دے رہی تنظیم ناقابل فراموش منصوبے تیار کررہی ہے ۔ اس موقع پر پرسنا گیٹو سی ای او پی سی وی سی نے شرکاء و مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔ پراجکٹ گائیڈ مسز لکشمی سنگھ نے سی ایل اے پی پی پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر آف پولیس کرائمس اینڈ ایس آئی ٹی شریمتی سواتی لکرا نے کہا کہ سی ایل اے پی پی پروگرام کے ذریعہ جنسی مساوات اور جنسی ہراسانی کو قابو میں رکھنے کیلئے سازگار ثابت ہوگی ۔ شریمتی لکرا نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد خواتین کے تحفظ اور جنسی ہراسانی سے بچانے کیلئے حکومت نے موثر اقدامات کرتے ہوئے شی ٹیم تشکیل دی ہے ۔ اس کے ذریعہ اب تک 200 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے عوامی مقامات پر خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات میں ملوث ہے ۔  انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں خواتین کے سو فیصد تحفظ کیلئے سٹی پولیس ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ اس موقع پر سینٹ میریس ایجوکیشنل سوسائیٹی یوسف گوڑہ کے ڈائرکٹر مسٹر مہیندر ریڈی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔