بچو! کارمونیٹ آبی پرندہ ہے۔ ساحلی علاقوں، جھیل اور تالاب کے آس پاس نظر آتا ہے۔ اس کی کم و بیش تیس اقسام سمندری علاقوں میں پائی جاتی ہیں۔ چونچ پتلی اور ہک کی طرح مڑی ہوئی ہوتی ہے جس کی وجہ سے مچھلی کا شکار آسانی سے کرلیتا ہے۔
مچھلی کو چونچ سے اچک کر پانی کے باہر لاتا ہے اور نگل جاتا ہے۔ گردن، پنکھ اور دم کافی لمبی ہوتی ہے، مگر ٹانگیں چھوٹی اور جسم کے انتہائی پیچھے ہوتی ہے۔ پنجے بطخ کی طرح جھلی دار ہوتے ہیں، اس لئے یہ آسانی سے تیر سکتا ہے۔ اس کی ایک قسم ایسی بھی ہے کہ جس کے سَر پر تاج ہوتا ہے۔ گردن پر بال نہیں ہوتے، اس کا رنگ شوخ اور چمک دار ہوتا ہے۔ پروں کا رنگ سیاہ، لیکن قدرے سبزی یا سرخی مائل ہوتے ہیں۔یہ انسان دوست پرندہ ہے، خصوصاً ماہی گیروں کیلئے بہت کارآمد پرندہ ہے۔ ہندوستان، چین اور جاپان کے ماہی گیر اسے تربیت دیتے ہیں اور مچھلی پکڑنے کا ہنر سکھاتے ہیں، مگر چونکہ یہ پرندہ خود ماہی خور ہے، اس لئے ماہی گیر اس کی گردن میں چمڑے کا چھلّہ پہنا دیتے ہیں۔ اس طرح حلق کو تنگ کردیتے ہیں کہ مچھلیاں نہ کھاسکے۔ وہ مچھلیاں پکڑکر ماہی گیروں کے حوالے کردیتا ہے۔ یہ انسانوں سے خوف نہیں کھاتا، اس لئے تو خدمت انجام دیتا ہے۔ یہ جھنڈ کی شکل میں کالونی بناکر رہتے ہیں۔ گھونسلے زمین پر یا شاخوں پر بنالیتے ہیں۔