انسانی حقوق کی بنیاد پر تعلقات میں بہتری

کولمبو۔25جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کی نئی حکومت ایک خصوصی قاصد جنیوا روانہ کرے گی ‘ تاکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر بناسکے اور انسانی حقوق کے ریکارڈ کے بارے میں اقوام متحدہ سے اپنے حق میں رپورٹ حاصل کرسکے ۔ نائب وزیرخارجہ اجیت پی پریرا نے کہا کہ صدر سری لنکا ایم سری سینا کے چیف برائے بین الاقوامی اُمور جینتا دھن پال جنیوا جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی تیقنات کے سلسلہ میں بہت سنجیدہ ہیں۔ دھن پال جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے بات چیت کریں گے ۔ دھن پال سابق اعلیٰ سطحی اقوام متحدہ کے سفارت کار ہیں ۔ اُن کی ملاقات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر زید رعد الحسین سے بھی ان کی ملاقات مقرر ہے ۔ یہ اقدام نائب وزیراعظم رانل وکرما سنگھے کے بیان کے بعد کیا گیاہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی حکومت ملک کا انسانی حقوق شعبہ درست بنائے گی ۔ نئی حکومت سری لنکا میں مبینہ انسانی حقوق کے استحصال کی بین الاقوامی تحقیقات کروائے گی۔