انسانی حقوق کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت : وزیراعظم

ہر ایک روپیہ ضرورت مندوں کے فائدے کیلئے خرچ کیا جانا چاہئے
نئی دہلی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے انسانی حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماج کو انسانی حقوق کا پاس و لحاظ رکھنا چاہئے۔ اپنی حکومت کے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘‘ کے اصولوں کی بنیاد پر کام کرنے اور انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ وزیراعظم نے یہ ریمارکس آئندہ ماہ قومی انسانی حقوق کمیشن کے 25 سال پورے ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سماج کی حیثیت سے ہمیں انسانی حقوق کی اہمیت کو مدنظر رکھنا چاہئے۔قومی انسانی حقوق کمیشن نہ صرف انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے بلکہ برسوں سے انسانی اقدار کے احترام کو فروغ دیتا آرہا ہے۔ مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر انہوں نے عوام سے کہا کہ ہر ایک روپیہ کا فائدہ غریبوں کو ہونا چاہئے۔ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بناتے ہوئے غریبوں کے لئے منفعت بخش اقدامات کرنے ہوں گے۔ ’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ مہم میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا مشن ہی صاف صفائی ہے۔ ساری دنیا میں ہندوستان کے اس مشن کی ستائش کی جارہی ہے۔ یہ مہم 2 اکتوبر کو مہاتماگاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ گاندھی کے منتر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم باپو (گاندھی جی) کے اس قول کو یاد کرسکتے ہیں جنہوں نے ملک کے اندر ہی خریدی کو ترجیح دی ہے۔ ملک کی اشیاء کی خریدی پر زور دیا تھا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم لا ل بہادر شاستری کی خدمات کو بھی یاد کیا۔