نیویارک۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے 1984ء کے ’’آپریشن بلو اسٹار‘‘ کی رپورٹ قبول کرلی۔ یہ خفیہ نام ، ہندوستانی فوج نے امرتسر کے سنہری گردوارہ سے عسکریت پسندوں کو نکال باہر کرنے کی کارروائی کو دیا تھا۔ یہ رپورٹ کونسل کے 26 ویں اجلاس میں جس کا موضوع ’’بین الاقوامی یکجہتی پر سرگرم مذاکرات‘‘ تھا، پیش کی گئی۔ رپورٹ امریکہ کی انسانی حقوق کی غیرسرکاری تنظیموں ’’بین الاقوامی فروغ تعلیم، انسانی حقوق کے وکلاء کی انجمن اور سکھوں کیلئے انصاف‘‘ کی جانب سے تیار کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں 52 رکن ممالک بشمول ہندوستان، امریکہ، یوروپی یونین، آسٹریلیا، اسرائیل، جاپان، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، ایران اور چین کے نمائندوں نے شرکت کی۔