انسانی حقوق پریو این میں ایران و شام کی مذمت

نیویارک، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایران اور شام میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔ اگلے ماہ اسمبلی کے اجلاس میں باضابطہ طور پر یہ معاملہ پیش کیا جائیگا۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ کے 120 سے زائد ارکان نے شام میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے بارے میں ووٹ کا حق استعمال کیا تو اس قرار داد کے خلاف صرف 13 ارکان نے ووٹ ڈالا اور 47 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھاجبکہ ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر 78 ممالک نے قرارداد کی حمایت کی، 35 نے مخالفت کی اور 69 ملک ووٹنگ کے موقع پر غیر حاضر رہے تھے۔شام کے اقوام متحدہ سفیر بشار جعفری نے اپنی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے قرارداد کی مذمت کی اور اس قرار داد کو تعصب اور سیاست پر مبنی قرار دیا۔ بشار جعفری نے کہا ’’ یہ اس وقت تک شام کے خلاف متحرک رہیں گے جب تک ان کی رگوں میں سعودی تیل کی وجہ سے حرارت ہے‘‘۔ واضح رہے قرارداد میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ساتھ شہریوں پر تشدد کیلئے بنائے قید خانوں کی بھی مذمت کی گئی ہے۔ کینیڈا کی تیار کردہ اور 45 ممالک کی تائید والی قرار داد کے بارے میں ایرانی نمائندے نے کہا کہ یہ ایک بے مقصد اور سعی لاحاصل ہے۔