انسانی حقوق جہدکاروں کی گرفتاری کی مذمت : چدمبرم

نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے ماؤنوازوں سے رابطہ کے شبہ پر انسانی حقوق کے چند جہدکاروں کی گرفتاری کی آج مذمت کی اور کہا کہ انتہائی بائیں بازو یا دائیں بازو کے نظریات رکھنا کسی کا شخصی اختیار اور آزادی کی بنیاد سے تعلق رکھنے والا معاملہ ہے۔ سابق وزیرداخلہ و فینانس چدمبرم نے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں لکھا کہ انتہاء پسندانہ نظریات کے حامل کسی بھی شخص کو صرف اسی صورت میں سزاء دی جاسکتی ہے جب وہ اپنے نظریہ کی تائید میں تشدد میں ملوث ہوتا ہے۔ تشدد کیلئے اکساتا ہے یا پھر تشدد کی مدد و حمایت کرتا ہے۔ چدمبرم نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’’انسانی حقوق جہدکاروں، ایک شاعر اور ایک وکیل کی گرفتاریوں کی مذمت کرتا ہوں۔ انتہائی دائیں بازو یا انتہائی بائیں بازو نظریات رکھنے والوں سے میں اگرچہ پوری شدت کے ساتھ عدم اتفاق کرتا ہوں لیکن ایسے نظریات رکھنے سے متعلق ان کے حق کی میں تائید ضرور کرتا ہوں کیونکہ یہ معاملہ آزادی سے تعلق رکھتا ہے‘‘۔