کولمبو ، 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا میں جس وقت ایل ٹی ٹی ای کے ساتھ جنگ جاری تھی اور خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہوگئے تھے اُس وقت سے ہی اُس پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہاں انسانی حقوق کی پامالی ہوئی جسے جنگی جرائم سے بھی تعبیر کیا گیا اور اقوام متحدہ کی جانب سے اس کی تحقیقات جاری ہیں لیکن آج سری لنکا کو کم و بیش 22 ممالک کی تائید حاصل ہے جہاں حکومت سری لنکا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل (UNHRC) نے گزشتہ مارچ میں سری لنکا کے خلاف جو قرارداد منظور کی ہے وہ انتہائی سخت ہے اور جہاں تک خود سری لنکا میں جاری تحقیقات کا سوال ہے تو اُس کے مقابلہ میں یو این ایس آر سی کی قرارداد کو انتہائی سخت گیر کہا جاسکتا ہے ۔ جن ممالک نے تائید کی ہے اُس گروپ کی قیادت مصر نے کی ہے اور اُن میں الجیریا ، انگولا ، بنگلہ دیش ، بیلاروس ، بولیویا ، چین ، کیوبا ، ایکویڈر ، انڈونیشیاء ، ایران ، شمالی کوریا ، مائنمار ، نکاراگوا ، پاکستان ، روس ، جنوبی سوڈان ، سوڈان ، یوگانڈا ، وینزوئیلا اور زمبابوے شامل ہیں۔