انسانی اسمگلنگ کیخلاف بیداری مہم

9جنوری سے ’’ کاروان سرکھشا ‘‘ کا آغاز: امریکی قونصل جنرل
حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) امریکی قونصل جنرل نے شہر کی این جی او پرجا والا کے ساتھ ملکر آج اعلان کیا کہ وہ آئندہ ماہ سے انسانی اسمگلنگ کے مسئلہ پر عوامی بیداری مہم کے ایک مشترکہ پراجکٹ کا آغاز کریں گے۔ اس پراجکٹ کے تحت جس کا عنوان ’ سرکھشا ‘ ہے، افرادی اسمگلنگ کے خلاف بیداری مہم شروع کی جائے گی۔ اس خصوص میں ماہرین کی ٹیمیں ایک بس کے ذریعہ مواضعات کا سفر کریں گی اور آندھرا پردیش، تلنگانہ اور اڈیشہ کے دوردراز علاقوں میں جنوری اور اپریل 2016کے درمیان یہ مہم چلائیں گے۔ اس کا مقصد دیہی طبقات کو ایسی لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کیا جاسکے۔ اس مہم کے مقاصد یہ ہیں کہ عوام خود کو دوسروں کے چنگل سے بچانے میں کامیاب رہیں۔ امریکی قونصل جنرل اُمور عوامی گیبریل ہاونس اولیور نے کاروان سرکھشا کا لوگو جاری کیا۔ بیداری مہم کی کوشش کے طور پر 9جنوری 2016سے کاروان سرکھشا کا آغاز کیا جائے گا جو تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اڑیسہ کے دیہی علاقوں اور دوردراز علاقوںکا سفر کرے گا۔ اس کاروان کے ذریعہ تینوں ریاستوں کے تمام  53اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا اور 132 ملین افراد سے ملکر بیداری مہم چلائی جائے گی۔ یہ پروگرام 4ماہ تک جاری رہے گا۔ پرجا والا کے کارکن انسانی اسمگلنگ سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ملکر سلسلہ وار پروگرام منعقد کریں گے اور انسانی اسمگلنگ پر بنائی گئی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ دیہی عوام کو بیدار کرنے کیلئے ان سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس لعنت کو روکنے کیلئے کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں اس تعلق سے تفصیلات بتائی جائیں گی۔