انسانیت کے خدمت گذاروں کو دنیا وآخرت میں بہترین صلہ

ادارہ حیات و ممات مہدویہ کا سالانہ جلسہ، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔14ڈسمبر(سیاست نیوز)فلاحی اور رفاعی امور انجام دینے والے اداروں کی کارکردگیاں ضائع نہیںہوتی اور انسانیت کے خدمت گذاروں کو دنیا و اخرت میں بہترین صلہ ملے گا۔ آج یہاں بہادر یارجنگ ہال چنچگوڑہ میں ادارہ حیات وممات مہدویہ چنچلگوڑ ہ کی ساٹھ سالہ تقریب کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران مولانا سید مسعود حسین مجتہدی رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ جلسہ کا آغاز قاری ہارون اکبر کی قرات کلام پاک سے ہوا اور سید میرا ں صحبان خوندمیری نے طا لب خوندمیری مرحوم کے مناجات پیش کئے۔ جلسہ کی نگرانی صدر ادارہ انجینئر سید ابراہیم نے کی اور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حضرت سید عطن شہاب مہدوی‘ جناب سید مسعود فوجدار صدرنشین میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کرناٹک نے شرکت کی اس کے علاوہ صدر مرکزی انجمن مہدویہ عادل محمد خان‘ جناب شیخ امام بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ حضرت مقصود علی خان سحر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ادارے کی ایک سالہ کارکردگی پر معتمد عمومی ادارہ شیخ چاند ساجد نے رپورٹ پیش کی جبکہ معتمد عمومی ادارہ محبو ب علی خان نے تمام مہمانوں کا استقبال کیااور خازن ادارہ اقبال محمد خان کے شکریہ پر جلسہ ختم ہوا۔ مولانا سید مسعود حسین مجتہدی نے کہاکہ مذہب اسلام کی تعلیمات میںسب سے اہم تعلیم انسانیت کی خدمت ہے اور ادارہ حیات وممات کی فقید المثال کارکردگی خود اس بات کاثبوت ہے کہ انسانیت کی خدمت کے لئے ادارہ کس قدر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے ادارے کی ساٹھ سال کی تکمیل پر منتظمین ادارہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری تمام زندگی خدمت خلق میں گذارنے کی بے شمار مثالیں ہمیں صحابہؓ کی زندگی سے ملتی ہیں۔ انہوں نے فلاحی کام اور چیاریٹی کے لئے بل گیٹس کو مثال بناکر پیش کرنے والوں کو صحابی رسول ؐ کی سیرت کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیا۔مولانا سید مسعود حسین مجتہدی نے ادارے کی ترقی اور بانیان ادارے کی مغفرت کے لئے دعائیں کی ۔ صدرنشین میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کرناٹک سید مسعود فوجدار نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت کا شکریہ ادا کیاجس نے ادارے حیات وممات کے ساٹھ سالہ تقریب کے موقع پر انہیں مدعو کیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ تعلیمی نظام معاشرے میں بڑھتی خرابیوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے غریب اور مستحق طلبہ وطالبات میں مالی امداد کے لئے اپنی جانب سے دس ہزار روپئے کے عطیہ کا بھی اعلان کیا او رکہاکہ شہاب الدین فوجدارمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے یہ مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے اپسی اتحاد کے ذریعہ فلاحی کام انجام دینے والے اداروں کو مزید مستحکم بنانے پر زوردیا۔انہوں نے کہاکہ رکنیت سازی کے ذریعہ تجہیز وتکفین کے لئے مالی امداد معاشرے سے غریب اور امیر کے فرق کو دور کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ ادارہ کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں ادارے کی بہتر کارکردگی کے توقعات کا اظہار کیا۔ جناب سید علی یداللہی‘ حضرت سید پیر محمد یویس اے‘ سید نعمت اللہ فیاض اہل ہمناباد‘جناب عبدالرزاق اور سید ثناء اللہ نے بھی اس تقریب سے خطاب کے ذریعہ ادارے کی کاکردگی کی ستائش کی اور کارکردگی میںبہتری کے لئے تجویز پیش کئے۔ اس دوران ادارے کی جانب سے حضرت پیر ومرشد سید عطن شہاب مہدوی نے مہمانِ خصوصی سید مسعود فوجدار چیرمن میناریٹی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کرناٹک کو تہنیت اور مومنٹو بھی پیش کیا اس کے علاوہ ادارے کی جانب سے جاریہ سال ایس سی سی‘ ڈگری اور پوسٹ گرئجویٹ میںنمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میںانعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ ادارے کی جانب سے ساٹھ سالہ تقاریب کے انعقاد کے موقع پر ادارے کے سرگرم کارکنان کو بھی تہنیت پیش کی گئی اور مرحومین کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔سینکڑوں کی تعدا د میں سامعین نے اس جلسہ میں شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض سید محمود تشریف اللہی نے انجام دئے۔